لکھنؤ، 22 اکتوبر (یو این آئی)اتر پردیش حکومت نے پسماندہ طبقات کمیشن کے صدر، نائب صدر اور اراکین کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود کے محکمہ، سیکشن-1 کی جانب سے سرکاری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے ۔ حکم نامے کے تحت کمیشن کے موجودہ عہدیداران کو دوبارہ ایک سال تک اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کی منظوری دی گئی ہے ۔واضح رہے کہ پسماندہ طبقات کمیشن ریاستی حکومت کو دیگر پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور پالیسی سازی میں مشورہ دینے کا کام کرتا ہے ۔ کمیشن کے قیام کا مقصد پسماندہ طبقوں کی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی ترقی کو یقینی بنانا ہے ۔ حکومت نے کمیشن کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ ریاست میں جاری فلاحی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا جا سکے اور ان پر مؤثر عمل جاری رہ سکے ۔جاری حکم نامے کے مطابق، سابق رکن پارلیمنٹ راجیش کمار ورما کو دوبارہ کمیشن کا صدر مقرر کیا گیا ہے ۔ سوہن لال شرمالی (میرزاپور) اور سورج پرکاش پال (رامپور) کو نائب صدر کے عہدے پر دوبارہ تعینات کیا گیا ہے۔