نئی دہلی۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بھیم آرمی نے آج الزام عائد کیا کہ اترپردیش کی حکومت دلتوں کو دیگر پسماندہ طبقات کے خلاف صف آراء کرنا چاہتی ہے اسی لیے اس نے غیر دستوری فیصلہ کرتے ہوئے 17 دیگر پسماندہ طبقات کے افراد کو درج فہرست ذاتوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ایک دلت گروپ کے قومی نائب صدر منجیت موٹیال نے کہا کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ دیگر پسماندہ طبقات کو درج فہرست طبقات میں شامل کیا جائے تو اس کو مناسب طریقہ کار اختیار کرنا چاہئے اور درج فہرست ذاتوں کے لیے جو تحفظات کا کوٹہ فراہم کیا گیا ہے، اس میں متناسب اضافہ کرنا چاہئے۔ 12 دیگر پسماندہ طبقات کو درج فہرست ذاتوں کی فہرست میں شامل کرنا حکومت کی حکمت عملی ہے جس کا مقصد ان طبقات کو معاشرے میں موجود درج فہرست ذاتوں کے خلاف صف آرا کرنا ہے۔ موٹیال نے کہا کہ دلت دیگر پسماندہ طبقات کو فہرست میں شامل کرنے کی مخالفت نہیں کرتے تاہم مناسب طریقہ کار پر عمل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ موجودہ ہے اور اس کو درج فہرست ذاتوں کی فہرست میں ترمیم کرنے کا حق حاصل ہے۔ یو پی حکومت نے مرکز کو یہ تجویز روانہ کی ہے جو پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ یو پی حکومت نے 24 جون کو ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ مختلف درج فہرست ذاتوں کے ساتھ ساتھ 17 دیگر پسماندہ طبقات کے افراد کو بھی ایس سی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے۔