چیف منسٹر یو پی کو بی جے پی کے رکن اسمبلی کا مکتوب
سنبھل ( یو پی ) ۔ 5 ۔ جنوری : (سیاست ڈاٹ کام ) : بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے سنبھل ڈسٹرکٹ میں عہدیداروں کے خلاف کرپشن کے الزامات عائد کئے ۔ 3 جنوری کو تحریر کئے گئے لیٹر میں حلقہ اسمبلی گنار کے رکن اسمبلی اجیت کمار یادو نے کہا کہ ’ ضلع میں عہدیداروں کی بدعنوانیوں کی وجہ عوام کا موڈ ریاستی حکومت کے خلاف ہوگیا ہے ۔ اگر کرپشن کو روکا نہیں گیا تو بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں بھاری نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے ‘ ۔ بی جے پی کے اس رکن اسمبلی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس ڈسٹرکٹ میں زیادہ تر عہدیدار کرپٹ ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ کچرا دانوں کو جن کی قیمت 200 تا 300 روپئے ہوتی ہے تقریبا 12,000 روپئے میں خریدا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مواضعات میں الیکٹریسٹی کنکشن نہ ہونے کے باوجود عوام کو برقی بلز دئیے جاتے ہیں ۔۔