یو پی کے چار اضلاع میں آج سے جزوی کورونا کرفیو

   

لکھنؤ : اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے کم پڑتے اثرات کے درمیان پیر کے روز 600 سے کم ایکٹو کیسزوالے 71 اضلاع کو جزوی طور پر کورونا کرفیو سے راحت ملے گی ۔ اب صرف میرٹھ ، لکھنؤ ، سہارنپور اور گورکھپور اضلاع میں کورونا کرفیو نافذ رہے گا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کے روز کووڈ ۔19 کی منیجمنٹ کے لئے تشکیل دی گئی ٹیم 09 کی میٹنگ میں کہا کہ کورونا وبا کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ریاست کی صورتحال ہر دن کے ساتھ بہتر ہورہی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 اضلاع میں سنگل ہندسہ میں کیسز سامنے آئے ہیں ۔ مجموعی ایکٹو کیسز 17،900 رہ گئے ہیں۔ 10،141 افراد ہوم آئیسولیشن میں زیر علاج ہیں۔ تاہم لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ وائرس کمزور پڑا ہے ، ختم نہیں ہوا ہے ۔ تھوڑی سی لاپرواہی بہت بھاری پڑسکتی ہے ۔ کورونا پروٹوکول پرعمل کرنا سبھی کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں 03 لاکھ 10 ہزار سیمپل ٹیسٹ کئے گئے ، وہیں صرف 1،165 نئے پازیٹو کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پازیٹو شرح 0.4 فیصد تھی ، جبکہ شفایابی کی شرح 96.7 فیصد ہو چکی ہے ۔ اتر پردیش میں اب تک 05 کروڑ 13 لاکھ سے زیادہ کووڈ ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔