لکھنؤ : چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے خصوصی سہ روزہ صفائی مہم کا جمعہ کو آغاز کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر گھر میں ریاپڈ اینٹی جین ٹسٹ کیا جائے ۔ یہ مہم 10 تا 13 جولائی منعقد کی جارہی ہے جس میں کووڈ ۔ 19 ، مچھر سے پھیلنے والی بیماریوں اور دیگر عوارض کے تعلق سے بیداری پیدا کی جائے گی ۔ چیف منسٹر کے حوالے سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گھر گھر جاکر اس سلسلے میں ترغیب دی جائے گی اور ٹسٹ کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لیاپ ٹیکنیشین کی تعداد بڑھائی جائے اور ہر روز 15 ہزار ریاپڈ ٹسٹ کئے جائیں ۔ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے کہا کہ بڑے پیمانے پر سینیٹائزیشن بھی ضروری ہے جو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ہوگا ۔ تمام وزراء کو اپنے متعلقہ اضلاع میں اس مہم کی نگرانی کرنی چاہئیے ۔جمعہ سے /13 جولائی تک تحدیدات کے حوالے سے چیف منسٹر نے کہا کہ پولیس کو موثر پٹرولنگ کرتے ہوئے اس اقدام کو کامیاب بنانا چاہئیے ۔