یو کے کا چیاریٹی ادارہ اور نمس بچوں کی زندگیوں کو بچانے کے مشن پر

   

حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) برطانیہ کی ہیلنگ لٹل ہارٹس چیاریٹی اور نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (نمس) حیدرآباد کے ماہرین طب کے درمیان اشتراک کی ایک کوشش سے پیدائشی طور پر قلب کے مرض کے شکار بچوں کے علاج کیلئے امید پیدا ہورہی ہے۔ ہیلنگ لٹل ہارٹس کی جانب سے، جو کم اور متوسط آمدنی والے ممالک کیلئے اس کے مشن کیلئے معروف ہے، نہ صرف بچوں کی سرجریز انجام دی جاتی ہیں بلکہ ریجنل ہاسپٹلس میں ٹریننگ کے ذریعہ مقامی میڈیکل ٹیمس کو بااختیار بھی بنایا جاتا ہے۔ ایچ ایل ایچ کے ٹرسٹی اور لیڈ سرجن ڈاکٹر ڈی رمنا نے، جو تلنگانہ سے تعلق رکھتے ہیں، اس ریجن میں بچوں کی ہارٹ سرجیکل سرویسیس کی ضرورت کی نشاندہی کی ہے۔ ڈسمبر 2022ء میں انہوں نے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کو نیلوفر ہاسپٹل اور نمس کے درمیان ایک اشتراک کی تجویز پیش کی تھی، جس سے نمس میں کیمپس منعقد ہوئے۔ مارچ 2023ء میں پہلے کیمپ میں نو مفت سرجریز کئے گئے۔ ستمبر میں دوسرے کیمپ میں ایک ہفتہ کے اندر 15 سرجریز کئے گئے۔ تلنگانہ میں سالانہ 3000 سرجریز کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے جس میں معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے بچوں کیلئے 1500 تا 2000 سرجریز گورنمنٹ ہاسپٹلس میں انجام دینے کیلئے اس اشتراکی پہل کا مقصد علاج و معالجہ کے سلسلہ میں اس کمی کو دور کرنا ہے۔ ڈاکٹر رمنا نے نہ صرف سرجریز انجام دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے بلکہ مقامی ٹیموں کیلئے ٹریننگ پر بھی زور دیا ہے۔