شادنگر، مغل گدہ اسکول کی 150 ویں یوم تاسیس تقریب سے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کا خطاب، سرکاری اسکولوں میں عنقریب ناشتہ
شادنگر۔ 30 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علم ہی ترقی کی بنیاد ہے، علم ہی انسان کی زندگی کو بدل دیتی ہے،علم کے سامنے کوئی دولت معنی نہیں رکھتی، اسی لیے حکومت تعلیم کی ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے، یہ بات نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارک نے کہی۔ فرخ نگر منڈل کے مغل گِدہ ضلع پریشد ہائی اسکول کی 150 ویں یوم تاسیس تقریب میں ریاستی نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر معاشی حالات سازگار رہے تو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور پوری کابینہ سرکاری اسکولوں میں مفت ناشتہ فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے حلقہ انتخاب میں اس منصوبے کو پہلے ہی پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کیا جا چکا ہے۔ ہمارا عزم مضبوط ہے ، جیسے ہی مالی وسائل دستیاب ہوں گے ، ہم یقیناً سرکاری اسکولوں میں ناشتہ اسکیم نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں اسکول نظام ہونے سے ہی معاشرہ ایک بڑے خاندان کی طرح ترقی کر سکتا ہے۔ بچپن سے ہی سب ساتھ پڑھیں گے تو ذات، مذہب، امیر اور غریب کے فرق ختم ہوں گے۔ اسی مقصد سے حکومت ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریذیڈینشل اسکول تعمیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار ہر اسکول کو 25 ایکڑ اراضی پر، 200 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ، ریاست بھر کے 100 حلقوں میں ایک ساتھ تعمیر کیا جا رہا ہے ، جس پر مجموعی طور پر 20 ہزار کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ گزشتہ سال جنوری میں اسکول انتظامیہ کی دعوت پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی خود مغل گِدہ آئے اور اسکول کی ترقی کے لیے دس کروڑ روپے منظور کیے۔ ان فنڈز سے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے آئی ٹی آئی اداروں کو نظرانداز کر دیا تھا، لیکن اب وقت کے مطابق جدید تربیت دی جا رہی ہے، جدید مشینری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے پہلے وزیر اعلیٰ بورگولا رام کرشن راؤ کے انقلابی فیصلے شاید نئی نسل کو معلوم نہ ہوں، مگر حقیقت یہ ہے کہ ملک میں زرعی اصلاحات کے بانی بورگولا ہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بورگولا رام کرشن راؤ، مری چنّا ریڈی، اتر پردیش کے سابق گورنر ستیہ نارائن ریڈی، اور ممتاز پروفیسر ہرگوپال جیسے کئی نامور افراد مغل گِدہ سرکاری اسکول کی دین ہیں۔ مسٹر بورو گولا نے 1950 سے 1954 کے درمیان وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے انہوں نے کسانوں کو زمین کے حقوق دینے کے لیے تاریخی قوانین بنائے، جاگیرداری نظام اور بیگار سے نجات دلائی۔ 1970 کے زرعی اصلاحات قانون کے پس منظر میں بھی بورگولا کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے کہا کہ 150 سالہ تاریخ رکھنے والا مغل گِدہ اسکول عظیم ہے۔ 1952 تک یہاں اردو میڈیم تھا، اس کے بعد تلگو میڈیم شروع کیا گیا۔ 2008 میں آنجہانی وزیر اعلیٰ وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے ریاست بھر میں سرکاری اسکولوں میں انگریزی میڈیم متعارف کروایا۔ شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر نے پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اور سابقہ بی ار ایس حکومت پر شدید تنقید کی۔ موجودہ حکومت تعلیمی شعبے کو مزید ترقی فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزراء کا شاندار خیر مقدم بھی کیا گیا۔ اس پروگرام میں ریاستی بی سی فلاح و بہبود و ٹرانسپورٹ وزیر پننم پربھاکر، شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر، پروفیسر ہرگوپال، محکمہ تعلیم کے جوائنٹ ڈائریکٹر سومی ریڈی، ضلع ایڈیشنل کلکٹر چندرا ریڈی، گاؤں کے سرپنچ کرشنیا، اما آدرش اسکول کمیٹی کی چیئرپرسن بنداری سنتوش اور دیگر معززین نے شرکت کی۔