یکساں سیول کوڈ تمام مذاہب اور طبقات کے حق میں: اندریش کمار

   

کسی کو کافر نہیں کہا جاسکتا، ایک ملک‘ ایک شہری اور ایک قانون کی وکالت

حیدرآباد۔/5 جولائی، ( سیاست نیوز) ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ سے متعلق سرگرمیوں کے دوران آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار نے یکساں سیول کوڈ کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تمام شہریوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا۔ اندریش کمار کا کہنا تھا کہ مسلم مذہبی قائدین کی جانب سے یکساں سیول کوڈ کے بارے میں مسلمانوں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے جبکہ کسی طرح کے خوف کی ضرورت نہیں ہے۔20 جولائی سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں یکساں سیول کوڈ بل کی پیشکشی کے امکانات کے دوران سیاسی سطح پر کافی ہنگامہ دیکھا جارہا ہے۔ کئی اہم سیاسی پارٹیوں نے یکساں سیول کوڈ کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ اندریش کمار نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے بعد ملک میں کوئی کافر نہیں رہے گا بلکہ تمام عقیدتمند کہے جائیں گے۔ اس قانون کے نفاذ کے بعد کسی کو کافر نہیں کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ قانون کے نفاذ کے بعد ملک میں کوئی اچھوت نہیں رہے گا۔ اس قانون کا مطلب تمام شہری ایک ملک اور ایک شہری اور ایک قانون کے پابند رہیں گے۔ یکساں سیول کوڈ خواتین پر مظالم کو ختم کرے گا اور اس قانون کے ذریعہ کسی بھی مذہب اور ذات کی خواتین پر ظلم نہیں ہوگا۔ اندریش کمار نے کہا کہ مولوی اور مولانا مسلمانوں کو بھڑکانا بند کریں، مسلمان ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ یکساں سیول کوڈ کو خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنے والا قرار دیتے ہوئے اندریش کمار نے کہا کہ تمام مذاہب کی خواتین پر مظالم کا خاتمہ ہوگا۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھوپال میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا حوالہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ووٹ بینک کی سیاست یکساں سیول کوڈ کی مخالفت کررہی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے اس کے نفاذ کی ہدایت دی ہے۔ اسی دوران اترا کھنڈ کے چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ریاست میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ اترا کھنڈ حکومت نے قانون کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ر