نئی دہلی ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ یکساں سیول کوڈ کو عوام پر مسلط نہیں کیا جاسکتا اور اسے اختیاری رکھنا پڑے گا۔ پارٹی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں ’’چھاترا سنسد‘‘ (اسٹوڈنٹس کی پارلیمنٹ) کے 10 ویں ایڈیشن سے خطاب میں کہا کہ یونیفارم سیول کوڈ کے معاملے کو رضاکارانہ رکھنا ہوگا اور ایسا کرنا زبردست اقدام رہے گا۔ ’’یکساں ملکی ضابطہ‘‘ کی بنیادی حقیقت یہی ہے کہ اسے آپ پر تھوپا نہیں جاسکتا، اسے اختیاری رکھنا پڑے گا، نہ کہ لازمی۔
اسے رضاکارانہ نوعیت کا رکھنا ہوگا، اور یہ زبردست اقدام ہوگا۔‘‘ گزشتہ سال برسراقتدار بی جے پی لوک سبھا چناؤ کے منشور کو جاری کرتے ہوئے سینئر لیڈر راجناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ زعفرانی پارٹی ملک میں یکساں سیول کوڈ پر عمل کے تئیں پابند عہد ہے۔ ملک میں ذات پات پر مبنی تشدد کے تعلق سے سرجے والا نے کہا کہ حقیقت سے منہ نہیں موڑا جاسکتا ہے۔ ’’آپ کو اس کھلی حقیقت کو برسرعام پیش کرنے میں پس و پیش نہیں ہونا چاہئے۔ یہی سماجی اصلاحات لانے کا واحد طریقہ ہے۔کسی بھی طبقہ کو اپنی ذات کی نشاندہی سے گریز نہیں کرنا چاہئیے۔