یکساں سیول کوڈ مسئلہ پر مسلم خواتین و لڑکیوں کو ہمنوا بنانے کا منصوبہ

   

شعور بیداری کے نام پر مہم چلائی جائے گی ۔ یونیورسٹیز اور کالجس میں پروگرامس کا بھی ارادہ

حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی یکساں سیول کوڈ کے متعلق مسلم خواتین اور نوجوان لڑکیوں میں گمراہ کن پروپگنڈہ کے ذریعہ انہیں اپنا ہمنوا بنانے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے اور جس طرح طلاق ثلاثہ معاملہ میں مسلم خواتین کو گمراہ کیا گیا تھا اسی طرز پر یکساں سیول کوڈ کے معاملہ میں مسلم خواتین کو ساتھ ملانے اور انہیں یکساں سیول کوڈ کے فوائد سے واقف کروانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی تیاریوں کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ بی جے پی طلاق ثلاثہ کے طرز پر مسلم خواتین اور نوجوان لڑکیوں میں شعور بیداری کے نام پر مہم چلانے کی تیاری کر رہی ہے اور انہیں یکساں سیول کوڈ سے فائدہ کے دلائل پیش کرکے گمراہ کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ پارٹی نے اقلیتی مورچہ ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ مسلم خواتین کے درمیان پہنچ کرانہیں واقف کروائیں کہ اگر یکساں سیول کوڈ کا نفاذ عمل میں لایا جاتا ہے تو انہیں مردوں کے مساوی حقوق حاصل ہوں گے ۔اترکھنڈ میں حکومت کی جانب سے یکساں سیول کوڈ کا جو نمونہ تیار کیا گیا ہے اسی کی بنیاد پر بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ کی جانب سے ایسی خواتین اور لڑکیوں کے درمیان پہنچ کر شعور بیداری مہم چلانے کی تیاری کر رہی ہیں جنہیں شرعی علوم سے واقفیت نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی قائدین کی جانب سے بعض آزاد خیال خواتین کی نشاندہی کرکے ان کے ذریعہ مسلم خواتین میں شعور بیداری کے نام پر یکساں سیول کوڈ کے نفاذ اور اس کے مطالبہ کیلئے آمادہ کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر اور آئندہ ماہ کے اوائل میں ملک کے مختلف شہریوں میں اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور ان میں ایسی آزاد خیال خواتین کو جو مخالف حجاب ‘ طلاق کے شرعی قوانین کی مخالف اور مرد او عورت کے یکساں حقوق کی حامی ہیں ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ اس مقصد کیلئے مختلف جامعات میں یکساں سیول کوڈ اور ہندستان ‘ یکساں سیول کوڈ اور مسلمان‘ یکساں سیول کوڈ اور مساوات جیسے عنوان پر سمینار و سمپوزیم کے ذریعہ ماحول سازی کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ م