یکساں سیول کوڈ پر رجیجو زیرقیادت وزارتی گروپ

   

نئی دہلی: ملک میں یکساں سیول کوڈکی سمت میں مرکزی حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے وزرا گروپ (جی او ایم) کی تشکیل کی ہے۔ اس کی صدارت ارتھ سائنس کے وزیر کرن رجیجو کو سونپی گئی ہے۔ اس درمیان، یو سی سی پر اتراکھنڈ حکومت کی جانب سے تشکیل جسٹس رنجنا دیسائی کمیٹی کا مسودہ تیار ہے۔ امکان ہے کہ سب سے پہلے اتراکھنڈ حکومت یو سی سی لاگو کرے گی۔ اس کے بعد گجرات و مدھیہ پردیش میں اسے لاگو کیے جانے کا امکان ہے۔مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی، مرکزی وزیر برائے خواتین و اطفال سمرتی ایرانی اور ریاستی وزیر قانون (آزادانہ چارج) ارجن رام میگھوال کو اس کا رکن بنایا گیا ہے۔ وزراء کے گروپ کی میٹنگ چہارشنبہ کو ہو چکی ہے۔چاروں وزراء یو سی سی اور قبائلی، خواتین کے حقوق، شمال مشرق اور قانونی معاملات سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔سابق مرکزی وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر روی شنکر پرساد نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ بی جے پی کے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔ ملک میں اسے لے کر عمل جاری ہے۔