لا کمیشن کو اپنی تجاویز اور رائے روانہ کی جاسکتی ہیں۔ ملت کے اہم مسئلہ میں قائدانہ ذمہ داری نبھانے کا موقع
حیدرآباد۔16۔جون(سیاست نیوز) لا کمیشن آف انڈیا کی جانب سے یکساں سیول کوڈ کے مسئلہ پر وصول کی جانے والی تجاویز کے معاملے میں مسلم نوجوان اپنی جانب سے تجاویز تیار کرتے اور روانہ کرتے ہوئے ایک ذمہ دارانہ ملی رول ادا کرسکتے ہیں۔ یہ نوجوانوں کیلئے ایک موقع ہے کہ وہ اپنے آپ کو منوانے عملی طور پر سرگرم رول ادا کریں۔ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ سے پیدا ہونے والے مسائل اور قوانین شریعت میں مداخلت کا جائزہ لیتے ہوئے نوجوان لاء کمیشن کو بذریعہ ای۔میل اپنی رائے روانہ کرکے تحفظات سے واقف کرواسکتے ہیں۔ 21ویں لاء کمیشن کی جانب سے جو عوامی اعتراضات ‘ رائے اور ادعا جات وصول کئے گئے تھے ان کی مدت تکمیل ہونے کے سبب دوبارہ ہندوستانی شہریوں سے رائے حاصل کی جا رہی ہے اور اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے مسلم انتظامیہ کے کالجس ‘ اسکولس کے علاوہ دیگر اداروں کی جانب سے اجتماعی طور پر کمیشن کو اعتراضات روانہ کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیںتو لاء کمیشن کو اپنی ناراضگی سے واقف کروایا جاسکتا ہے۔ لاء کمیشن سے 14جون کو جاری اعلامیہ میں اندرون 30یوم اعتراضات روانہ کرنے کی مہلت دی گئی ہے جو 13جولائی تک رہے گی۔ جو نوجوان ای ۔ میل کے ذریعہ لاء کمیشن کو یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے متعلق رائے بھیجانا چاہتے ہیں وہ [email protected] پر ای میل روانہ کرسکتے ہیں۔ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ سے شریعت میں مداخلت اور عائلی قوانین میں مسلمانوں کے شرعی قوانین کا پاس و لحاظ نہیں رہے گا اسی لئے مسلم تنظیموں اور اداروں کی جانب سے یکساں سیول کوڈ کی مخالفت کی جار ہی ہے ۔ لاء کمیشن کے اعلامیہ کے ساتھ ہی ہندوتوا تنظیموں نے ماہرین قانون کی نگرانی میں اجتماعی طور پر ای۔ میل اور مکتوبات کے ذریعہ لاء کمیشن کو یکساں سیول کوڈ کے حق میں اپنی رائے پیش کرنے کی مہم شروع کردی ہے اور مختلف تنظیموں اور اداروں نے اس کام کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعہ اکثریتی طبقہ میں شعور بیداری مہم کا آغاز کیا ہے ۔ مسلم نوجوانوں نے سال 2018میں جب لاء کمیشن نے رائے طلب کی تھی اس وقت اہم کردار ادا کرکے مکتوبات روانہ کئے تھے اور اب جو سہولت ہے اس کے مطابق میل کے علاوہ پوسٹ سے بھی اپنے مکتوبات اور رائے روانہ کئے جاسکتے ہیں۔ پوسٹ سے مکتوبات روانہ کرنے کے خواہشمند لاء کمیشن کے پتہ:Member Secretary Law Commission of India, 4th floor, Lok Nayak Bhavan, Khan Market, New Delhi-110003 پر تحریری نمائندگیاں و اعتراضات روانہ کرسکتے ہیں۔تعلیم یافتہ مسلم نوجوانوں کیلئے موقع ہے کہ وہ ملت کے اس اہم مسئلہ پر اپنے موقف کا غور و فکر کے ساتھ نہ صرف تعین کریں بلکہ وہ اسے تحریری شکل دیتے ہوئے کمیشن کو روانہ کریں۔