یکساں سیول کوڈ کا مقصد انتشار:جے رام رمیش

,

   

آگر۔مالوا:کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے آج کہا کہ پولرائزیشن کی حوصلہ افزائی کیلئے انتخابات کے دوران یکساں سیول کوڈ جیسے مسائل اٹھائے جاتے ہیں۔ رمیش آج پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران مدھیہ پردیش کے آگر۔مالوا ضلع کے تنوڈیہ میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے یکساںسیول کوڈ سے متعلق سوال کے بارے میں دعویٰ کیا کہ 2018 میں لا کمیشن نے مرکزی حکومت کو اپنی رپورٹ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یکساں سیول کوڈ ضروری نہیں ہے ۔ رمیش نے الزام لگایا کہ اس وقت رپورٹ کو دبا دیا گیا تھا۔اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہمودی حکومت یکساں سیول کوڈ جیسے مسائل چھیڑتے ہوئے سماج میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہے تاکہ اس کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھایا جاسکے ۔ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے کل ایک پروگرام میں کہا کہ وہ یکساں سیول کوڈ کے حق میں ہیں۔
اور اس کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔بھارت جوڑو یاترا کے تناظر میں مسٹر رمیش نے کہا کہ اس یاترا کا اثر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت پر بھی نظر آرہا ہے ۔
یاترا کا اثر یہ ہے کہ مسٹر بھاگوت کن کن لوگوں سے مل رہے ہیں اور کہاں کہاں جا رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس یاترا میں سنگھ کے کئی کارکن بھی آئے تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے حامی اور ناقدین دونوں اس یاترا میں شامل ہو رہے ہیں اور مسٹر گاندھی ان سب کا استقبال کر رہے ہیں۔مسٹر رمیش نے کہا کہ آج پہلی بار کئی سابق فوجیوں نے بھی اس یاترا میں حصہ لیا۔