نئی دہلی : اتراکھنڈ کے چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے یکساں سیول کوڈ کو نافذ کرنے سے متعلق جاری قواعد کے درمیان منگل کو یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔وزیر اعظم سے ملنے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے دھامی کے ساتھ یکساں سیول کوڈ ڈرافٹنگ کمیٹی کی چیئرپرسن جسٹس رنجنا دیسائی بھی تھیں۔دونوں قائدین کے درمیان ملاقات کے دوران کن کن امور پر بات چیت ہوئی اس کے بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی ہے ، حالانکہ وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹر پر دھامی کی وزیر اعظم سے ملاقات کی تصویر جاری کرتے ہوئے دونوں کے درمیان بات چیت کی تصدیق کی ہے ۔ دھامی اس وقت دہلی میں ہیں اور مودی سے ملاقات سے پہلے انہوں نے پیر کو وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر فینانس نرملا سیتا رمن سے ملاقات کی۔ دھامی نے وزیر اعظم کے ساتھ یکساں سیول کوڈ کے ساتھ ساتھ ریاست میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔بعد میں دھامی نے کہا کہ ریاست میں یکساں سیول کوڈ لاگو کیا جائے گا لیکن جلد بازی میں کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ابھی تک اس کا مسودہ مکمل طور پر موصول نہیں ہوا ہے ۔