حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شیوسینا ایکناتھ شنڈے گروپ تلنگانہ یونٹ کی جانب سے آج یکساں سیول کوڈ کی تائید میں تلگو تلی فلائی اوور کے پاس مظاہرہ کیا گیا۔ پولیس نے شیوسینا کے ریاستی صدر کے شیواجی اور دیگر کارکنوں کو امتناعی احکام کی خلاف ورزی پر حراست میں لے لیا۔ شیوسینا ایکناتھ شنڈے گروپ ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی تائید کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنے اعلان کے مطابق یکساں سیول کوڈ نافذ کرے گی۔ ریاستی صدر نے کے سی آر کو مجلس کے ہاتھوں کٹھ پتلی قرار دیا اور کہا کہ کے سی آر کی مخالفت سے یکساں سیول کوڈ کے نفاذ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں طلاق ثلاثہ پر پابندی اور کشمیر میں دفعہ 370 کی برخواستگی نریندر مودی حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام مذاہب اور طبقات کیلئے یکساں قانون کی ضرورت ہے۔ دستور ہند میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی گنجائش ہے۔ شیوسینا کارکنوں کے احتجاج کے نتیجہ میں پولیس نے پہلے سے چوکسی اختیار کرلی تھی۔ر