یکم ؍ فبروری سے تعلیمی اداروں کی کشادگی

   

محکمہ صحت کی رپورٹ کے بعد حکومت کا فیصلہ، وزیرتعلیم
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے یکم ؍ فبروری سے تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے اور دن بہ دن کیسوں میں کمی آرہی ہے۔ محکمہ صحت نے بھی تعلیمی اداروں کی کشادگی کیلئے حالت سازگار ہونے کی رپورٹ پیش کی جس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے تعلیمی اداروں کی کشادگی کی منظوری دیدی ۔ فیصلہ سے قبل محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ اسکولس اور کالجس میں کورونا کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ سرکاری اسکولس، خانگی اسکولس کے انتظامیہ، ٹیچرس اور طلبہ کے علاوہ طلبہ کے والدین بھی تمام احتیاطی اقدامات کریں۔ ریاست میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 8 تا 16 جنوری تعلیمی اداروں کو سنکرانتی تہوار کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا بعد میں 30 جنوری تک تعطیلات میں توسیع دی گئی تھی۔ طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے کا مختلف گوشوں سے دباؤ پڑنے کے بعد آٹھویں جماعت سے ڈگری کالجس تک آن لائن تعلیم کا آغاز کیا گیا تھا۔ تعلیمی اداروں کی کشادگی کو لیکر طلبہ اور ان کے والدین میں تجسس پایا جارہا تھا جس کو آج حکومت نے ختم کردیا۔ن