یکم اپریل سے گاڑیوں کے لیے سیکوریٹی کے حامل نمبر پلیٹس پر سختی سے عمل آوری

   

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : اگر سارے امور منصوبے کے مطابق انجام دئیے جائیں تو پھر یکم اپریل سے نئی گاڑیوں کو ’ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹس ‘ (ایچ آر پی بیز ) نصب کئے جائیں گے ۔ جیسا کہ مرکزی حکومت نے تمام گاڑیوں کو اس طرح کے اعلیٰ سیکوریٹی نمبرات نصب کرنے کا حکم 2014 میں ہی جاری کردیا ہے تاہم اب یکم اپریل 2019 سے اس پر سختی سے عمل آوری ہوگی ۔ ایچ آر پی بیز کو نصب کرنے کے درپردہ اہم مقصد سرقہ اور گم شدہ گاڑیوں کی تلاش میں آسانی کے علاوہ امن و امان کی صورت حال کو بھی کسی بھی ناگہانی واقعہ سے محفوظ رکھنا ہے ۔ وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے بموجب نمبر پلیٹس کے لیے جو سیکوریٹی نکات کو یقینی بنایا گیا ہے اس میں تیسرے رجسٹریشن نشان ( وانٹ شیلڈ پر ہولو گرام ) بھی قابل ذکر ہے جو کہ گاڑی بنانے والی کمپنی کی جانب سے ہی فراہم کیا جائے گا ۔ اعلامیہ میں واضح کردیا گیا ہے کہ گاڑی بنانے والی کمپنیاں اس بات کو یقینی بنائے کہ نمبر پلیٹس کے لیے جو شرائط دی جارہی ہیں وہ اس کی پابندی کریں گے ۔ علاوہ ازیں ریاست تلنگانہ کے آر ٹی او عہدیداروں کے بموجب مرکزی حکومت نے جب 2014 میں گاڑی کے لیے ایچ ایس آر بیز کے نصب کرنے کی ہدایت دی ہے تب سے ہی تلنگانہ میں اعلیٰ سیکوریٹی نمبر پلیٹس نصب کئے جارہے ہیں اور سالانہ 6 لاکھ گاڑیوں کو نئے طرز کے ہی نمبر پلیٹس نصب کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح گذشتہ 5 سال میں تلنگانہ میں 30 لاکھ نئی گاڑیوں کو ایچ ایس آر بیز ہی نصب ہوئے ہیں ۔۔