یکم اکتوبر سے یو پی میں محکمہ ڈاک کی رجسٹری خدمات بند

   

لکھنؤ 03 ستمبر (یواین آئی) محکمہ ڈاک کی جانب سے 1877 میں شروع کی گئی رجسٹری پوسٹ خدمات یکم اکتوبر سے تاریخ کے اوراق میں درج ہو جائے گی۔ پہلے یہ سروس اتر پردیش میں یکم ستمبر سے بند کی جانی تھی لیکن وزارت کی ہدایات کے بعد خدمات کو اس مہینے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہندوستانی محکمہ ڈاک نے رجسٹری کو اسپیڈ پوسٹ سروس کے ساتھ ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ ڈاک نے تمام محکموں، عدالتوں، اداروں اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ یکم اکتوبر سے نیا نظام استعمال کریں۔تاہم یہ خدمات پہلے کی طرح 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔اس بارے میں ہندوستانی محکمہ ڈاک لکھنؤ کے پوسٹ ماسٹر جنرل انیل کمار نے کہا کہ یہ وزارت کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹری خدمات کو اسپیڈ پوسٹ کے ساتھ ضم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کم وقت میں اسپیڈ پوسٹ سروس فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی ٹریکنگ بھی آسان ہے ۔ شاید اسی وجہ سے وزارت نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔