ریاض ۔سعودی عرب میں وزارت بلدیات نے یاددہانی کروائی ہے کہ 31 دسمبرکوکارکنوں کے رہائشی کیمپس میں مقررہ سہولتوں کی فراہمی کے لئے دی جانے والی آخری مہلت ختم ہوجائے گی جس کے بعد یکم جنوری 2021 سے تفتیشی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ ملازمین کی اجتماعی رہائش گاہوں میں مقررہ سہولتیں فراہم نہ کرنے والے اداروں پر جرمانے کیے جائیں گے۔ وزارت بلدیات و دہی ترقی کی جانب سے کئے جانے والے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ کارکنوں کے رہائشی قوانین کے حوالے سے مقررہ معیار پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کمپنیوں کے ملازمین کے لئے اجتماعی رہائشی کیمپوں کے لائسنس اس وقت تک جاری نہیں کئے جائیں گے جب تک وہاں مقررہ سہولتیں فراہم نہ کی جائیں۔ سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے وزارت بلدیات کی جانب سے 31 دسمبر تک کا وقت دیا گیا تھا۔ وزارت بلدیات کی جانب سے کیمپوں کے لئے معائنہ ٹیمیں بھی مقررکرلی گئی ہیں جو مختلف علاقوں میں قائم لیبرکیمپوں کا دورہ کرکے انکا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ سے وزارت کو مطلع کریں گی۔ واضح رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کے آغاز میں بے شمار ایسے لیبرکیمپوں کا انکشاف ہوا تھا جہاں سماجی فاصلے کے اصولوں کے خلاف انتہائی مختصر جگہ پر ملازمین کو رہائش فراہم کی گئی تھی۔ لیبرکیمپس میں نہ تو تازہ ہوا کی آمد کا کوئی انتظام تھا اور نہ ہی دیگر سہولیات فراہم کی گئی تھیں جس کی وجہ سے لیبر کیمپس میں کورونا کی وبا بڑی تیزی سے پھیلی تھی۔