یکم جولائی سے چیف منسٹر کے اضلاع کے دوروں کا احیاء

,

   

ترقیاتی کاموں کے علاوہ عوامی نمائندوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی سے متعلق اسکیمات کا جائزہ لینے کے لئے یکم جولائی سے دوبارہ اضلاع کے دوروں کا آغاز کریں گے ۔ چیف منسٹر نے پہلے مرحلہ میں سدی پیٹ ، ورنگل ، کاما ریڈی اور بھونگیر اضلاع کا دورہ کیا۔ یکم جولائی سے 10 دن تک پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگراموں کا آغاز ہوگا۔ اس کے علاوہ ہریتا ہرم پروگرام کو 10 روزہ مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر اس مہم کے دوران اچانک مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ٹاونس اور مواضعات میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے ۔ پروگراموں کے لئے فنڈس اور اسکیمات پر عمل آوری کے طریقہ کو طئے کرنے کیلئے 26 جون کو ضلع کلکٹرس کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ پرگتی بھون میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں ریاستی وزراء کے علاوہ پنچایت راج ، زراعت اور شہری ترقی کے عہدیداروںکو مدعو کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اچانک دوروں کے ذریعہ ترقیاتی اسکیمات کے بارے میں عوامی رائے حاصل کریں گے ۔ شہری اوردیہی علاقوں میں عوامی نمائندوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے میں چیف منسٹر کو مدد ملے گی ۔ ریاستی وزراء سے لے کر سرپنچوں تک ٹی آر ایس کے قائدین کی کارکردگی کا چیف منسٹر برسر موقع جائزہ لے سکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے مجوزہ اچانک دوروں سے عوامی نمائندوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ کئی علاقے ایسے ہیں جہاں ترقیاتی کاموں کی عدم تکمیل پر عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ چیف منسٹر کی آمد کی صورت میں عوامی ناراضگی کا اظہار ہوگا جس سے عوامی نمائندے کے سیاسی مستقبل پر اثر پڑسکتا ہے ۔ ٹی آر ایس کے ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے اچانک دوروں سے سابق وزیر ایٹالہ راجندر کے استعفیٰ سے پیدا شدہ صورتحال سے عوامی توجہ ہٹانے میں مدد ملے گی ۔ اب جبکہ حضور آباد ضمنی چناؤ کے لئے تمام اہم سیاسی جماعتوں نے کمر کس لی لہذا چیف منسٹر کے امکانی دوروں سے پارٹی کیڈر مزید متحرک ہوگا۔