سماجی فاصلہ کی برقراری ، ماسک کا استعمال لازمی ، تھرمل ٹیمپچر کی جانچ
حیدرآباد۔21مئی (سیاست نیوز) ملک میں یکم جون سے ٹرین خدمات کی بحالی کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ وزارت ریلوے کی جانب سے 200 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے چلائی جانے والی ان ٹرینوں کی صفائی کے علاوہ ٹرین کے سفر کے دوران سماجی فاصلہ کی برقراری کے انتظامات کئے جارہے ہیں اور دوران سفر ماسک کا لزوم عائد کیاجا رہا ہے۔ مرکزی وزارت ریلوے کی جانب سے ابتداء سے ہی لاک ڈاؤن کے خاتمہ کی تواریخ کے بعد کے ٹکٹ کی بکنگ آن لائن فراہم کی جا رہی تھی لیکن لاک ڈاؤن میں توسیع کے فیصلہ کے بعد ٹکٹوں کی رقومات واپس کرنے کا علان کیا جا رہاہے اور اب یہ کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی جانب سے چوتھے مرحلہ کے لاک ڈاؤن میں جو راحتیں فراہم کی گئی ہیں ان راحتوں سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یکم جون سے ٹرینوں کی آمد و رفت شروع کردی جائے گی۔وزارت ریلوے کے ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے چلائی جارہی ہے مزدوروں کے علاوہ خصوصی ٹرینوں سے عملہ کو کافی تجربات حاصل ہوئے ہیں اور یہ ٹرین خدمات پائیلٹ پراجکٹ ثابت ہوئی ہیں کیونکہ ان خدمات کے دوران سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ مسافرین کی طبی جانچ اور ان کے سامان کی مکمل جانچ کے عمل کے متعلق آسانیاں پیدا ہوچکی ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ یکم جون سے جو ٹرین خدمات کا آغاز کیا جائے گاان میں ریاست تلنگانہ کی 9ٹرینیں شامل رہیں گی جو کہ ملک کے مختلف شہروں تک کی مسافت طئے کریں گی ان ٹرینوں کی بحالی کے بعدبھی ریلوے اسٹیشن پر جلد آنے کے علاوہ تمام احتیاطی اقدامات کی ہدایات پر عمل آوری کو لازمی قرار دیا جا رہاہے اور اس بات کی واضح ہدایات جاری کی جاچکی ہیں کہ اگر کوئی ماسک نہ لگائے اور اگر کسی میں کورونا وائرس کی علامات پائی جائیں تو اسے سفر کی اجازت نہیںدی جائے گی ۔