طلبہ کی صحت اولین ترجیح، تعلیمی ادارے ماہانہ فیس وصول کریں، ریاستی وزرائے تعلیم و پنچایت راج کی کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست میں یکم ستمبر سے کے جی تا پی جی تعلیمی اداروں کی کشادگی کے فیصلہ کے بعد محکمہ تعلیم نے کشادگی کے سلسلہ میں باقاعدہ احکامات جاری کردیئے ہیں۔ سکریٹری محکمہ تعلیم سندیپ کمار سلطانیہ نے اس سلسلہ میں کالجیٹ ایجوکیشن، ٹیکنیکل ایجوکیشن، انٹر میڈیٹ ایجوکیشن اور اسکول ایجوکیشن کے علاوہ تمام اسٹیٹ یونیورسٹیز کو میمو جاری کرتے ہوئے حکومت کے فیصلہ سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں میں یکم ستمبر سے باقاعدہ کلاسیس کا آغاز ہوگا اور اس کے لئے کوویڈ قواعد پر عمل آوری لازمی ہوگی۔ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی دوران وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کے مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ دونوں وزراء نے ضلع پریشد دفتر رنگاریڈی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ضلع کلکٹرس، تعلیم اور پنچایت راج کے عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کی کشادگی کے سلسلہ میں تمام تر احتیاطی تدابیر کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ بہتر تال میل برقرار رکھیں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ یکم ستمبر سے کے جی تا پی جی تعلیمی اداروں میں باقاعدہ کلاسیس کا آغاز ہوگا اور آن لائن کلاسیس کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 30 اگسٹ تک تمام احتیاطی تدابیر اور سنیٹائزنگ مکمل کرنے کیلئے تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 65 لاکھ طلبہ یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کا رُخ کریں گے۔ ان طلبہ کے والدین اور سرپرستوں کو بچوں کی صحت کے بارے میں اطمینان دلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے حکومت سے درخواست کی گئی کہ تعلیمی اداروں میں باقاعدہ کلاسیس کا آغاز کیا جائے تاکہ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں سے مربوط رکھا جائے۔ آن لائن کلاسیس کی صورت میں بہتر تعلیم کے امکانات پر شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جات تعلیم،صحت اور بلدی نظم ونسق کو مشترکہ طور پر کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گرام پنچایتوں میں صحت و صفائی کے انتظامات کیلئے مقامی عوامی نمائندوں کو سرگرم ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ہر سرکاری و خانگی اسکولوں سے پی جی کالجس تک روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ حاصل کی جائے گی۔ کوویڈ قواعد پر عمل کرتے ہوئے طلبہ کو دوپہر کے کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ کسی بھی طالب علم میں کوویڈ کا پتہ چلنے پر بچہ کو فوری والدین کے سپرد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں اور ہاسپٹلس میں بھی احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ والدین سے بھی چوکس رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی فیس کی وصولی کے بارے میں حکومت نے جو احکامات جاری کئے تھے ان پر عمل کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں کو ماہانہ اساس پر صرف ٹیوشن فیس وصول کرنے کی اجازت رہے گی۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے مجالس مقامی کے نمائندوں کو تعلیمی اداروں کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتوں کے ذریعہ ماسک کی خریدی عمل میں آئے گی اور ہر طالب علم کو 3 ماسک حوالے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتوں کیلئے فنڈز کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ضرورت پڑنے پر پنچایتوں کو دستیاب فنڈ کے استعمال کی اجازت دی جائے گی۔R