نئی دہلی :مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوک سبھا انتخاب سے قبل یکم فروری 2024 کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانے والا آئندہ مرکزی بجٹ ایک مستقل بجٹ نہیں ہوگا بلکہ صرف ووٹ آن اکاؤنٹ ہوگا۔ اس لیے حکومت اس عبوری بجٹ میں کوئی بڑا اعلان نہیں کرے گی۔ یہ ایک عبوری بجٹ ہوگا جس کے ذریعہ موجودہ حکومت نئی حکومت تشکیل پانے تک ملک کو چلانے کے لیے ضروری خرچ کیلئے پارلیمنٹ کی منظوری حاصل کرے گی ۔دہلی میں سی آئی آئی کے گلوبل اکونومک پالیسی فورم 2023 میں سیتارمن نے یہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپ کو بڑے اعلان کیلئے عام انتخاب کے بعد تک انتظار کرنا ہوگا۔انھوں نے مزید کہا کہ توانائی ٹرانزیشن کی لاگت ایک فکر کا موضوع ہے اور گلوبل ساؤتھ کے خلاف یوروپی یونین کے کاربن ٹیکس پیمانے اخلاقی طور سے نامناسب ہیں۔