پریکٹیکل امتحانات 7تا 20 اپریل ہونگے ۔شیڈول جاری کیا
حیدرآباد۔ریاست میں اسکولوں اور کالجس کی کشادگی سے عین قبل محکمہ تعلیم کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کا شیڈول جاری کردیا گیا ۔ وزیر تعلیم مسز سبیتا اندرا ریڈی نے آج انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم کے شیڈول کی اجرائی عمل میں لائی ۔ شیڈول کے مطابق ریاست میں یکم مئی سے انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کا آغاز ہوگا اور 19مئی تک امتحانات جاری رہیں گے۔ انٹرمیڈیٹ سال دوم امتحانات کا آغاز 2 مئی سے ہوگا اور یہ 20 مئی تک جاری رہیں گے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سالانہ امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں مختلف تجاویز کا جائزہ لینے کے علاوہ تعلیمی سرگرمیوںکے یکم فروری سے باضابطہ آغاز کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کے دوران ایک دن میں ایک ہی امتحان منعقد کیا جائے گااور سال اول کے امتحانات جو کہ یکم مئی سے شروع ہونے جا رہے ہیں پہلے دن زبان دوم کا پہلا پرچہ ہوگا جبکہ 2 مئی کو زبان دوم کا دوسرا پرچہ منعقد کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ امتحان کے اوقات کار صبح 9 تا 12 بجے دوپہر ہوں گے ۔انٹرمیڈیٹ امتحانات کے شیڈول کے مطابق پریکٹیکل امتحانات 7تا 20 اپریل منعقد کئے جائیں گے۔یکم اپریل کو اخلاقیات اور انسانی اقدار کا پرچہ ہوگا جبکہ 3اپریل کو ماحولیات کا پرچہ منعقد کیا جا ئے گا۔