یکم مئی سے ریاست میں کئی مزدوروں کی ملازمت سے محرومی !

,

   

باغ عامہ میں برسرکار 120 عارضی ملازمین کو نوٹس حوالے ۔ خاندانوں کیلئے مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ

حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ’یوم مزدور‘ یعنی یکم مئی سے کئی مزدور بے روزگار ہوجائیں گے جو ریاستی حکومت کے محکمہ جات میں بحیثیت عارضی ملازم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے محکمہ جات کو معاشی ابتری کے حالات کا مقابلہ کرنے احکامات کے بعد محکمہ جاتی سطح پر سخت گیر اقدامات کئے جا نے لگے ہیں اور ابتدائی مرحلہ میں اس کا شکارآؤٹ سورسنگ پر خدمات انجام دینے والے ملازمین بننے لگے ہیں اور محکموں کی جانب سے ملازمین کی تخفیف کا عمل شروع کردیا گیا ۔ محکمہ باغبانی کے تحت باغ عامہ میں برسر کار 120ملازمین جنہیں 10 برس قبل ایک اعلامیہ جاری کرکے خدمات کی انجام دہی کیلئے ملازمت فراہم کی گئی تھی انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ محکمہ باغبانی کی جانب سے ان ملازمین کو نوٹس حوالہ کرکے یکم مئی یعنی عالمی یوم مزدور سے خدمات پر نہ آنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا کہ ا نکی خدمات سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ پالیسی کے تحت محکمہ باغبانی کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران لاکھو ں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاتھا اور یہ کہا جا رہاتھا کہ معاشی ابتری کا شکار کئی طبقات ہوں گے جن میں ملازمت پیشہ افراد بھی رہیں گے لیکن ریاستی حکومت کے محکمہ جات میںعارضی خدمات انجام دینے والے ملازمین کی ایسے مشکل وقت میں برخواستگی مزید مشکلات پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے اسی لئے اس طرح کے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہئے۔ محکمہ باغبانی کے ملازمین جنہیں یکم مئی سے خدمات پر نہ آنے کی نوٹس جاری کردی گئی ہے ان میں بیشتر کا کہناہے کہ ان کے خاندانوں کی پرورش کے وہ ہی کفیل ہیں اور ان حالات میں اگر محکمہ کی جانب سے ان کی خدمات کو برخواست کیا جاتا ہے تو ایسی صور ت میں ان کے معاشی حالات انتہائی ابتر ہوجائیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ پالیسی کے مطابق کئے گئے فیصلہ کے تحت فی الحال 99 ملازمین کو یہ نوٹس جاری کی گئی ہے جو کہ آؤٹ سورسنگ ملازمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کی معاشی حالت کی ابتری اور اخراجات میں تخفیف کی ہدایات پر یہ سخت فیصلہ کیا گیا ہے لیکن جن ملازمین کی خدمات کو برخواست کیا گیا ہے ان کا کہناہے کہ وہ 10 سال سے محکمہ سے وابستہ ہیں اور ایسی مشکل گھڑی میں محکمہ کی جانب سے کیا جانے والا یہ فیصلہ انہیں نہ صرف بے روزگار کرے گا بلکہ ان کے خاندانوں کو مشکلات میں مبتلاء کرنے کا مؤجب بنے گا۔