مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، جنہیں مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری کے بعد ایک نابالغ کے قتل پر تنقید کا سامنا ہے،انہوں نے منگل کو تنقید کرنے والوں پر جوابی حملہ کیا۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیس میں پوسٹ مارٹم سے پہلے ہی لاش کو جلایا کیوں گیا اور پانچ دن بعد شکایت کیوں درج کرائی گئی؟ تاہم، ممتا نے کہا کہ پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کی ہے اور ‘سیاسی رنگ’ کی پرواہ کیے بغیر گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوپی، راجستھان یا دہلی میں ایسا نہیں ہوتا۔ اس بیان کے ذریعے ممتا نے بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنایا جو بالترتیب یوپی، راجستھان اور دہلی میں حکومت کر رہی ہیں۔ جنوبی بنگال کے نادیہ ضلع میں اس نابالغ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد موت ہوگئی۔ اہل خانہ کا الزام تھا کہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ معاملے میں اہم ملزم ترنمول کانگریس کے مقامی لیڈر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔