یہودیوں کے ایام سوگ کا آغاز

   

دبئی 12جولائی (یو این اآئی) یہودی مذہب میں 13 جولائی بروز اتوار سوگ کے ایام کا آغاز ہو رہا ہے ، مذہبی لحاظ سے ہر سال یہودی 3 ہفتوں کیلئے سوگ مناتے ہیں۔غم کے ایام کا آغاز یہودی مذہبی کیلنڈر کے چوتھے ماہ کی 17 تاریخ سے ہوتا ہے اور پانچویں مہینے آب کی 9 تاریخ کو سوگ ختم کیا جاتا ہے ۔یہودی سوگ کے دنوں کا آغاز روزے سے کرتے ہیں اور غمگین دنوں کا اختتام بھی روزے پر ہی ہوتا ہے اور ان غم کے دنوں کا عروج 9 آب کو ہوتا ہے ۔تاریخی روایات کے مطابق 17 تموز کے دن مقبوضہ القدس ( یروشلم ) شہر کی بیرونی دیواریں اور فصیلیں توڑ دی گئیں تھیں۔ یروشلم میں موجود مقدس ہیکل کی عبادات بند ہوئیں اور دیگر کئی یہودی سانحات اسی دن سے منسوب ہیں۔اسی لیے یہ دن روزے سے شروع ہوتا ہے اور اس کے بعد 3 ہفتے کا سوگ چلتا ہے ۔یہودی مذہب کے ماننے والے ایام سوگ کے دوران دنیا بھر میں خوشی، موسیقی، شادی اور دیگر تقریبات ترک کر دیتے ہیں ۔