خانگی دواخانہ میں 2 دن تک نعش کا علاج !!
انتہائی شرمناک واقعہ ، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کی برہمی
حیدرآباد۔ 10فروری (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے شہر کے ایک خانگی دواخانہ میں نعش کا دو دن تک علاج کرکے فیس وصول کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واقعہ کی تحقیقات کا عہدیداروں کو حکم دیا۔ وزیر صحت کی ہدایت پر محکمہ صحت کے عہدیداروں نے آج میاں پور میں واقع سدھارتھ ہاسپٹل کا معائنہ کیا تاہم ہاسپٹل سکیورٹی عملے نے میڈیا کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی۔ کڑپہ کی متوطن 26 سال سہاسنی ناسازیٔ صحت کے باعث ہاسپٹل سے ایک ماہ پہلے رجوع ہوئی تھی جہاں علاج کے نام پر اس سے لاکھوں روپئے وصول کرلئے گئے۔ ارکان خاندان نے مزید فیس ادا کرنے کے موقف میں نہ ہونے کی وجہ سے نمس ہاسپٹل سے رجوع کیا۔ ڈاکٹرس نے سہاسنی کا معائنہ کے بعد اس کو مردہ قرار دیا۔جس کے بعد سہاسنی کے ارکان خاندان نے سدھارتھ نیورو ہاسپٹل کے سامنے ہفتہ کو احتجاج کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دو تین دن قبل ہی سہاسنی کی موت ہوگئی تھی ، لیکن انتظامیہ نے ہمیں اس کی اطلاع نہیں دی اور علاج کے نام پر ڈرامہ کیا۔ جیسے ہی یہ اطلاع عام ہوئی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ ایسے واقعات کی تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں ہے اور نہ حکومت سے ایسے واقعات کو برداشت کیا جائیگا۔ انہوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو اس واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ 2