نئی دہلی، 30 اکتوبر (آئی اے این ایس) جنوبی افریقہ کی آل راؤنڈر ماریزان کیپ نے ویمنز ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی بار ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہنچا دیا۔ انگلینڈ کے خلاف اس میچ میں کیپ نے پانچ وکٹیں حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کی۔ کیپ نے خطرناک انگلش بیٹرس ایمی جونز، ہیتر نائٹ، نیٹ سِور برنٹ، صوفیہ ڈنکلی اور چارلی ڈین کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد وہ جھولن گوسوامی کو پیچھے چھوڑ کر ویمنز ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب بولر بن گئیں، ان کے نام اب 44 وکٹیں درج ہیں۔ میچ کے بعد ماریزان کیپ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا،یہ قسمت یا اتفاق نہیں، یہ خدا کا کرم ہے۔ دوسری جانب کپتان لورا وولووارڈٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 169 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور ٹیم کو مضبوط موقف فراہم کیا ۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 319 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ بنائے۔ انگلینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں جدوجہد کرتی رہی اور 194 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان نیٹ سِور برنٹ نے 64 جبکہ ایلس کیپسی نے 50 رنز بنائے، لیکن ماریزان کیپ نے اپنی بولنگ سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ یہ جیت جنوبی افریقہ کے لیے تاریخی ہے، کیونکہ ٹیم پہلی مرتبہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔جنوبی افریقہ کی تاریخ آئی آئی سی ایونٹ میں اور خاص کرسیمی فائنلزہمیشہ مایوس کن رہی ہے لیکن اس مرتبہ ٹیم نے حالات کو اپنے حق میں کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔