یہ مودی جی کاخیالی پول ہے، ایگزٹ پول پر اپوزیشن کاسوالیہ نشان

,

   

سدھو موسی والا کے گیت کے حوالے سے 295سیٹیں جیتنے راہول ودیگر قائدین کا دعویٰ‘ میڈیا پولس پر شدید تنقید

نئی دہلی: اپوزیشن نے لوک سبھا انتخابات کے ایگزٹ پولز پر سوالات اٹھائے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان میں 4 جون کو مخلوط حکومت بننے جا رہی ہے۔ اسی دوران اتوار کو کانگریس کے سابق صدر اور یوپی کے رائے بریلی اور کیرالا کے وایناڈ سے پارٹی کے امیدوار راہول گاندھی نے بڑا دعویٰ کیا۔ انہوں نے 295 سیٹیں جیتنے کے بارے میں کہا ہے اور پنجابی گلوکار سدھو موسی والاکے گانے ’295‘ کا ذکر کیا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یہ ایگزٹ پول نہیں ہے، یہ مودی کا میڈیا پول ہے۔ یہ ان کا خیالی سروے ہے۔ جب ان سے انڈیا الائنس کی سیٹوں کی تعداد کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ کیا آپ نے سدھو موسی والا کا گانا 295 سنا ہے؟ ہم 295 سیٹیں جیتیں گے۔کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا ک ہ ایگزٹ پول مکمل طور پر فرضی ہے۔ صرف 4 جون کو باہر نکلنے والے لوگوں نے ہی یہ ایگزٹ پول جاری کیے ہیں۔انڈیااتحاد کو کم از کم 295 سیٹیں ملنے والی ہیں۔ تمام پارٹی لیڈروں نے کل ملاقات کی، ریاستی تجزیہ کیا اور نتیجہ اخذ کیا کہ ہمیں 295 سیٹیں ملیں گی۔ یہ صرف موجودہ وزیراعظم اور موجودہ وزیر داخلہ کا نفسیاتی کھیل ہے۔ وہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں پر نفسیاتی دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ہمارا اعتماد ٹوٹ جائے۔ ایسا نہیں ہو گا۔ایگزٹ پول پر، کانگریس جنرل سکریٹری کے۔ وینوگوپال نے کہا کہ ہم نے اپنے پی سی سی صدور، سی ایم، انچارجز اور امیدواروں سے بات چیت کی ہے وہ سب بہت پر اعتماد ہیں۔ یہ ایگزٹ پول حکومت کیلئے ایک جعلی پول ہے۔انڈیا اتحاد کو 295 سیٹیں ملیں گی اور وہ یقینی طور پر حکومت بنائے گا۔اس کے ساتھ ہی سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ایگزٹ پول پر سوال اٹھائے ہیں۔ اکھلیش یادو نے ایگزٹ پول کی تاریخ بھی بتائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ بی جے پی میڈیا ،بی جے پی کو 300 سے آگے دکھائے گا جس سے دھوکہ دہی کی گنجائش پیدا ہوگی۔ آج کا بی جے پی کا ایگزٹ پول کئی مہینے پہلے تیار کیا گیا تھا اور اسے صرف آج کے چینلوں نے چلایا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس ایگزٹ پول کے ذریعے رائے عامہ کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ اس ایگزٹ پول کو بنیاد کے طور پر لیتے ہوئے، بی جے پی پیر کو اسٹاک مارکیٹ کھلنے سے فوری منافع لینا چاہتی ہے۔ اگر یہ ایگزٹ پول جھوٹے نہ ہوتے اور بی جے پی واقعی ہار نہیں رہی ہوتی تو بی جے پی والے اپنے ہی لوگوں پر الزام نہ لگاتے۔ بی جے پی والوں کے مرجھائے ہوئے چہرے ساری حقیقت بیان کر رہے ہیں۔