یہ وقت ایران پر دباؤ بڑھانے کا ہے : نتن یاہو

   

Ferty9 Clinic

یروشلم ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے ایران پر مزید “دباؤ” ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نیتن یاہو نے یہ بات لندن روانہ ہونے سے قبل دیئے گئے ایک بیان میں کہی۔ وہ لندن میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور امریکی وزیر دفاع ماریک ایسپر سے ملاقات کریں گے۔اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ وقت ایران کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے مناسب نہیں بلکہ یہ تہران پر دباؤ بڑھا دینے کا وقت ہے۔نتن یاہو نے مزید کہا کہ نیوکلیئر معاہدے کے حوالے سے ایران کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اسی طرح وہ بین الاقوامی سمندری نقل و حمل کے خلاف “دشمنانہ کارروائیاں” انجام دے رہا ہے اور اسرائیل میں “ہلاک کر دینے والے حملے” کر رہا ہے۔ یہ تمام امور مزید پابندیاں عائد کرنے کا سبب ہیں۔اس بات کی توقع ہے کہ ایران کل جمعہ کو نیوکلیئر معاہدے کی عدم پاسدارای کے حوالے سے اضافی اقدامات کا اعلان کرے گا۔ اگر یورپ امریکی پابندیوں کے سائے میں ایران کے تیل کی فروخت کا حل فراہم کرنے میں ناکام رہا تو تہران اپنی نیوکلیئر سرگرمیوں کو تیز کر دے گا۔