آکلینڈ ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ کا نہ صرف کامیاب آغاز کیا بلکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلہ میں ہمالیائی اسکور کا باآسانی تعاقب کیا جس پر مہمان ٹیم کے مسرور کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ یہ وہی کامیابی رہی جس کی ہمیں تلاش تھی کیونکہ اس طرح کی کامیابی نے مکمل دورہ نیوزی لینڈ کیلئے بہتر شروعات فراہم کردی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جوکہ یہاں چند دن قبل ہی پہنچی تھی اس نے پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلہ میں 203/5 رنز کا تعاقب باآسانی 19 ویں اوور میں ہی کرلیا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ ہم اس مقابلہ سے کافی لطف اندوز ہوئے ہیں کیونکہ یہاں پہنچ کر چند دنوں میں ہی میزبان ٹیم کے خلاف پہلا مقابلہ کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 200 سے زائد رنز کا تعاقب ہم نہیں چاہتے تھے لیکن جس طرح تعاقب کیا گیا وہ پورے دورہ کیلئے کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے کافی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے دورہ کا بھی اس لئے پراعتماد آغاز کرنا چاہتی تھی کیونکہ اس نے گھریلو سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی اور اتوار کو کھیلے گئے تیسرے اور آخری ونڈے میں آسٹریلیا کو شکست دیکر اس نے دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز کیا تھا اور یہاں 200 سے زائد رنز کا تعاقب کرنا ٹیم کیلئے کافی خوش آئند رہا۔
