دبئی 29 ستمبر(یو این آئی ) پاکستان کے سابق ٹسٹ کرکٹرکامران اکمل نے کہا ہے کہ اگر میرا بس چلے تو سلمان علی آغا، صائم ایوب اور حسین طلعت کو ٹیم سے نکال دوں۔ پرائیویٹ ٹی وی پر گفتگو میں کامران نے کہا کہ سلمان ، صائم اور طلعت کو ٹی 20میں نہیں ہونا چاہیے ،میرا بس چلے تو میں ان تینوں کھلاڑیوں کو ٹیم سے نکال دوں۔ کامران نے کہا کہ سلمان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا کھلاڑی نہیں اور اس کو قیادت دے دی گئی، ایسا لگ رہا ہے کہ ہماری ٹیم صرف فارمیلٹی پوری کرنے گئی ہے ۔ سابق وکٹ کیپر نے کہاکہ بچوں کو بھی میچ کا پتہ ہوتا ہے کہ 10اوورز میں اگر اتنا اسکور بن جائے تو اگلے دس اوورز میں کتنا اسکور بنا سکتے ہیں لیکن نہ ہیڈ کوچ اور نہ ہی کپتان کا دماغ چل رہا ہے کہ کیا کرنا چاہیے ۔ جیسا آغاز ملا تھا تو شاہین آفریدی اور محمد نواز کو اوپر بھیجنا چاہیے تھا، لیکن ایسے بیاٹر بھیجے جو فارم میں نہیں ہیں۔ ایک میچ میں غلطی سمجھ آتی ہے ، لیکن پاکستان نے بار بار بڑی غلطیاں کیں۔ ہندوستان کے خلاف تیسرے میچ میں بھی گزشتہ میچ کی غلطیاں دہرائی۔