پرو کبڈی کیلئے نئی تشہیری مہم، جونیر این ٹی آر کے دَمدار مکالمے
حیدرآباد ۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویوو پرو کبڈی جوکہ ہندوستان کے علاوہ عالمی سطح پر کافی مقبولیت حاصل کررہا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ ٹورنمنٹ گزشتہ سات سال سے مسلسل مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ اس مرتبہ ساتویں سیزن کا 20 جولائی کو آغاز ہورہا ہے اور اس سے قبل اس کی تشہیری مہم کیلئے تلگو فلموں کے مقبول ترین اداکار اور اپنے مکالموں کی ادائیگی سے کروڑہا فلمی شائقین کے دلوں میں راج کرنے والے جونیر این ٹی آر کی خدمات حاصل کی ہیں جو کہ اس کھیل کو اپنے منفرد انداز میں اس مکالمے ’’یہ کھیل نہیں ، شکار ہے‘‘ کے ذریعہ تشہیر کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ پرو کبڈی کے مقابلوں کے راست مشاہدہ کیلئے مختلف زبانوں میں ان کی نشریات کی جارہی ہیں جن میں تلگو ریاستوں کیلئے مقابلوں کی نشریات مقامی زبان میں کی جارہی ہیں اور اس کے لئے سوپر اسٹار جونیر این ٹی آر کے علاوہ کئی معروف چہروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔