کسانوں پر لاٹھی چارج واقعہ پر کسان قائد کی شدید برہمی
نئی دہلی : زرعی قوانین کے خلاف زور و شور سے مہم چلا رہے کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے ہریانہ میں واقع کرنال میں کسانوں پر پولیس لاٹھی چارج کے بعد بی جے پی حکومت پر تنقیدوں میں مزید تیزی پیدا کردی ہے۔ راکیش ٹکیت نے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت نے لاٹھی چلاکر ٹھیک نہیں کیا، اسے کبھی بھولا نہیں جائے گا۔ ہم نے تو تازندگی لڑائی لڑی ہے۔ آپ نے تو نہ انگریزوں کے خلاف لڑائی لڑی اور نہ ہی مغلوں کے خلاف۔‘‘راکیش ٹکیت نے اس طرح کے بیانات کے ذریعہ آر ایس ایس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور بی جے پی لیڈروں کو آر ایس ایس ذہنیت سے متاثر بتایا۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’آپ بچ کر نہیں جاؤ گے۔ آپ تو مہاتما گاندھی کا قتل کرنے والے کو پوجتے ہو۔ ان کا کیا رشتہ ہے اس سے؟ یہ آر ایس ایس کے لوگ گوڈسے کا مندر بنوانا چاہتے ہیں۔ جو مہاتما گاندھی کے قاتلوں کو پوجتے ہیں، وہ کس طرح کا نیشنلزم پھیلا رہے ہیں؟‘‘ ٹکیت نے اپنے بیان کے دوران میگھالیہ کے گورنر ستیہ پال ملک کی تعریف بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’بننا ہے تو ستیہ پال ملک جیسا بنو، جو گورنر ہوتے ہوئے یہ کہنے کی ہمت رکھتے ہیں کہ کھٹر نے کسانوں پر لاٹھیاں چلوا کر غلط کیا۔‘‘ یہاں قابل ذکر ہے کہ ستیہ پال ملک نے گزشتہ دنوں کرنال میں کسانوں پر پولیس کے ذریعہ لاٹھی چارج کیے جانے کی مذمت کی تھی اور اسے افسوسناک امر ٹھہرایا تھا۔ انھوں نے لاٹھی چارج کا حکم دینے والے افسر کو فوری طور پر برخاست کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ ستیہ پال ملک نے تو یہاں تک کہا تھا کہ مرکز کی طرف سے طاقت استعمال کرنے کا حکم نہیں ہوا تھا، لیکن وزیر اعلیٰ کسانوں کو پٹوا رہے ہیں۔