برتھ سرٹیفیکٹ کی جگہ ڈیتھ سرٹیفیکٹ کی اجرائی ، ضلع کھمم میں افسوسناک واقعہ
حیدرآباد 7 اگست ( سیاست نیوز) تحصیلدار آفس کی غفلت اور لاپرواہی کا واقعہ کھمم میں پیش آیا جہاں معصوم لڑکی کو برتھ سرٹیفیکٹ کی بجائے ڈیتھ سرٹیفیکٹ جاری کردیا ۔ میڈیا اور سوشیل میڈیا میں یہ خبر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور عوام شدید ردعمل کا اظہار کرکے لاپرواہ عملہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ زندہ معصوم لڑکی کیلئے موت کا سرٹیفیکٹ جاری کرنے کا واقعہ کسومانچھی ( Kusumanchi ) تحصیل میں پیش آیا ۔ متاثرین اس بات پر ناراض ہیں کہ مذکورہ سیکشن آفیسر نے غلطی قبول نہیں کی اور غلطی درست کرنے کے بجائے ان کی سرزنش کی ۔ تفصیلات کے بموجب منڈل گٹو سنگارام گاؤں کے اوپیندر اور ممتا نے اپنی دختر مادا ودیا کی پیدائش کے 6 ماہ بعد برتھ سرٹیفیکٹ کیلئے درخواست داخل کی ۔ سکریٹری نے گرام پنچایت دفتر میں ریکارڈ نہ ہونے پر تحصیلدار آفس میں درخواست دینے کا مشورہ دیا ۔ جوڑے نے 17 جولائی کو ایم آر او آفس میں چالان ادا کیا کئی دن چکر کٹوانے کے بعد بالآخر 4 اگست کو سرٹیفیکٹ حوالے کیا گیا ۔ لڑکی کی ماں نے جب سرٹیفیکٹ دیکھا تو حیران رہ گئی ۔ انہیں برتھ کی بجائے ڈیتھ سرٹیفیکٹ تھما دیا گیا تھا ۔ جب اس پر سیکشن آفیسر سے سوال کیا گیا تو اس نے ڈیتھ سرٹیفیکٹ چھین کر پھاڑ دیا ۔ عجلت میں برتھ سرٹیفیکٹ جاری کیا گیا ۔ اس میں ہاسپٹل کی تفصیلات درج نہ کرنے پر سیکشن آفیسر نے بدسلوکی کی ۔ جس کے بعد متاثرہ جوڑے نے تحصیلدار سے ملاقات کی کوشش کی مگر تب تک وہ گھر نکل گئے ۔ جب اس بارے میں تحصیلدار سے وضاحت طلب کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ چہارشنبہ کو دفتر نہیں گئے ۔ لڑکی کے والدین نے ٹیلی فون پر بات کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ غلطی ہوئی تو اس کو درست کرکے برتھ سرٹیفیکٹ جاری کیا جائیگا۔ 2