۔منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث جوڑا گرفتار

   

کوکین کی فروخت اور قحبہ گری میں بھی ملوث رہنے کا الزام
حیدرآباد۔/18 جون، ( سیاست نیوز) محکمہ آبکاری کے ایکسائیز انفورسمنٹ نے کوکین اور دیگر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک جوڑے کو علاقہ بنجارہ ہلز میں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے منشیات برآمد کرلئے۔ اسسٹنٹ ایکسائیز سپرنٹنڈنٹ انفورسمنٹ مسٹر این انجی ریڈی نے بتایا کہ 2 جون کو انفورسمنٹ ٹیم نے روڈ نمبر 5 فلم نگر جوبلی ہلز علاقہ میں بی سنتوش اور محمد مسعود کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے ممنوعہ منشیات کوکین، او پی ایم اور ایک لاکھ نقد رقم ضبط کرلیا تھا اور ان کی موٹر سیکلیں بھی برآمد کرلی تھی۔ اس کارروائی کے دوران اصل ڈرگ اسمگلر شیخ فہد عرف مدن اپنی i20 کار کے ساتھ فرار ہوگیا۔ تازہ ترین کارروائی میں آج ایکسائیز انفورسمنٹ ٹیم نے مفرور شیخ فہد اور اس کی بیوی سلیمہ ربیع الشیخ ساکن بخش ریسیڈنسی برنداون کالونی کو بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 پر اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ خواہشمند گاہکوں کو منشیات فروخت کررہے تھے۔ انجی ریڈی نے کہا کہ فہد گزشتہ آٹھ سال سے شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز میں قحبہ گری کا اڈہ چلا رہا تھا اور جنوری 2018 میں پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد فہد نے اپنا ٹھکانہ روڈ نمبر 5 فلم نگر منتقل کیا اور 75 ہزار روپئے ہر ماہ کے کرایہ پر پاش مکان کرایہ پر حاصل کیا اور دوبارہ قحبہ گری کا اڈہ چلانے لگا۔ ابتداء میں فہد خواہشمند گاہکوں کو نائجیرین باشندوں سے کوکین حاصل کرکے اسے دوگنے دام میں فروخت کررہا تھا اور اس کاروبار کیلئے اس نے اپنے دو ایجنٹس بی سنتوش، محمد مسعود اور سریش کی مدد حاصل کی تھی۔ ایکسائیز انفورسمنٹ ٹیم نے مذکورہ جوڑے کے قبضہ سے 3 لاکھ مالیتی منشیات اور ایک کار ضبط کرلی اور انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔