وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ کا اعلان، عمر کی حد میں کمی کا فیصلہ خوش آئند
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ آسرا پنشن کیلئے عمر کی حد کو 65 سے گھٹاکر 57 کرنے سے متعلق حکومت کے فیصلہ کے بعد استفادہ کنندگان کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں اور انہیں جلد از جلد پنشن جاری کردیا جائے گا۔ وزیر پنچایت راج نے عمر کی حد میں کمی کے بعد استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ اور دیگر اُمور پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کی نشاندہی شفافیت کے ساتھ عمل میں آئے گی اور آئندہ تین دنوں میں تمام مستحق افراد کو پنشن جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ پنچایت راج اور رورل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ میں ملازمین اور عہدیداروں کے پروموشن کے کام میں تیزی پیدا کی جائے۔ اسی طرح گاؤں سے ضلع کی سطح تک ریاست بھر میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں۔ انہوں نے انجینئرنگ شعبہ سے وابستہ انجینئرس کے پروموشن سے متعلق اُمور کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی اور کہا کہ تمام اہل انجینئرس کو پروموشن دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش کے نتیجہ میں دیہی علاقوں میں سڑکوں کو جو نقصان ہوا ہے اس کی مرمت کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ عہدیدار سڑکوں کا معائنہ کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کریں گے جس کے تحت سڑکوں کی حفاظت اور نگہداشت کیلئے طویل مدتی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے سڑکوں کی معمولی مرمت سے متعلق کاموں کو فوری انجام دینے کی ہدایت دی۔