۔ 6 سالہ کمسن لڑکی کے اغوا کا معمہ حل ، خاتون گرفتار

   

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے 6 سالہ کمسن بچی کے اغوا کے معمہ کو حل کرتے ہوئے اغوا کنندہ خاتون کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون گجا راؤ بھوپال نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مسکان ساکن پریم نگر عنبرپیٹ 13 ستمبر کو چنچل گوڑہ جیل کے قریب اپنی چھ سالہ کمسن لڑکی الفیہ کے ساتھ گداگری کررہی تھی کہ اسی دوران ایک نامعلوم خاتون جس نے خود کی شناخت فاطمہ کی حیثیت ظاہر کرتے ہوئے مسکان کو یہ لالچ دی کہ وہ اپنی جان پہچان کے افراد سے زکوٰۃ کی رقم دلاسکتی ہے۔ مسکان، فاطمہ کی باتوں میں آکر اپنی کمسن بچی کے ساتھ اس کے آٹو میں حافظ بابا نگر پہنچ گئی ۔ فاطمہ نے حبیب فنکشن ہال کے قریب آٹو رکایا اور مسکان کو ایک مکان کی نشاندہی کرتے ہوئے زکوٰۃ کیلئے وہاں پہنچنے کیلئے کہا اور اسی دوران وہ کمسن بچی کو لیکر فرار ہوگئی۔ اس سلسلہ میں پولیس کنچن باغ نے اغوا کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اغوا کنندہ خاتون کا پتہ لگاتے ہوئے اسے شاد نگر کے فاروق نگر علاقہ میں گرفتار کرتے ہوئے مغویہ بچی کو اس کے چنگل سے رہا کروالیا۔ پولیس نے بتایا کہ اغوا کنندہ خاتون کی اصل شناخت آسیہ بی ہے جو سابق میں راشن کے چاول کی بلیک مارکیٹنگ اور دیگر واقعات میں بھی ملوث ہے۔B