۔ 60ء کے دہے میں ’سادھناکٹ‘ بہت مشہور ہوا تھا

   

نئی دہلی: ہندی سینما کی مایہ ناز اداکارہ سادھنا شیوداسانی کی پیدائش 2ستمبر 1941 کو کراچی میں ہوئی تھی۔ سادھنا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں اور آٹھ سال کی عمر تک ان کی ماں نے انہیں گھر میں ہی تعلیم و تربیت دی ۔ سادھنا کا نام ان کے والد کی پسندیدہ اداکارہ سادھنا بوس کے نام پر رکھا گیا تھا۔ ان کے والد اور اداکار ہری شودسانی بھائی تھے جو اداکارہ’ببیتا‘ کے والد تھے ۔اداکارہ نے ماضی میں اپنی لازوال اداکاری سے انڈسٹری میں خوب نام کمایا جہاں انہوں نے متعدد فلموں میں راج کپور، دیوآنند، راجندر کمارکے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا اورمقبولیت کے جھنڈے گاڑھے۔60ء کے دہے میں ان کا مخصوص ہیراسٹائل’’سادھنا کٹ ‘‘ بہت مشہور ہوا تھا۔ وہ بالی ووڈ انڈسٹری پر کئی دہائیوں تک راج کرتی رہیں۔ساددھنا کے شوہر رام کرشن نیئر کا انتقال سال 1995 میں دمے کی بیماری کے سبب ہو گیا تھا۔ سادھنا نے فلم گیتا میرا نام کی ہدایت کاری بھی کی تھی جن میں اُن کے ساتھ اداکار فیروز خان اور سنیل دت تھے ۔ دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنے کی اُن کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ حالانکہ 70 ء کے دہائی میں فلم سنگھرش کا جس وقت اعلان ہوا تھا اُس وقت دلیپ کمار کے ساتھ ہیروئن کے طور پر سادھنا کے نام کی تشہیر کی گئی تھی لیکن بعد میں اُن کی جگہ وجینتی مالا آگئیں۔ سادھنا جنھوں نے برسوں قبل کسی انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ‘‘وہ اپنے تمام دوستوں کے ساتھ کرسمس کا تہوار بڑے زور و شور سے مناتی ہیں’’ لیکن 2015 ء کا کرسمس اُن کی موت کا پیغام لے کر آیا ۔