۔ 9 لاکھ روہنگیاوں کیلئے 920 ملین ڈالرس درکار: اقوام متحدہ

   

اقوام متحدہ 16 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں اور اس کے شراکت داروں نے اپیل کی ہے کہ زائد از نو لاکھ روہنگیائی باشندوں کی مدد کیلئے 920 ملین ڈالرس کی ضرورت ہے ۔ ان کی فوری اور اہم ضروریات کی تکمیل کی جانی ہے ۔ یہ روہنگیائی بنگلہ دیش میں پناہ حاصل کئے ہوئے ہیں جب وہ میانمار سے اپنی جنیں بچانے فرار ہوئے تھے ۔ بنگلہ دیش میں ان کے قیام کے نتیجہ میں سنگین پناہ گزین بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق زائد از سات لاکھ روہنگیائی مسلمان بنگلہ دیش فرار ہوئے ہیں۔ اس سے قبل دو لاکھ روہنگیائی یہاں پہونچ چکے تھے ۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین فلیپو گرانڈی نے کہا کہ ہمیں انسانی بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہے ۔ بے یار و مدد گار روہنگیائی پناہ گزین پریشان حال ہیں اور بنگلہ دیش بھی مسائل کا شکار ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ بروقت اور توقعات کے مطابق عطیات حاصل ہونگے تاکہ ان کی مدد کی جاسکے ۔ کہا گیا ہے کہ ان پناہ گزینوںکو غذا ‘ پانی ‘ صفائی اور پناہ کی ضرورت ہے اور جاریہ سال چھ ماہ کیلئے فنڈز درکار ہیں۔
علاوہ ازیں انہیں صحت ‘ تعلیم ‘ بچوں کی حفاظت کیلئے بھی اقدامات کرنے ہیں۔ جنسی امتیاز و دیگر مظالم کو روکنا ہے ۔ اقوام متحدہ کی امدادی تنظیموں اور اس کے شراکت داروں نے عالمی برداری سے اپیل کی ہے کہ وہ ان پناہ گزینوں کی مدد کیلئے فراخدلانہ عطیات فراہم کریں۔