نومنتخب کارپوریٹرس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری، الیکشن کیلئے ٹی آر ایس کی حکمت عملی کو قطعیت
حیدرآباد۔ تلنگانہ الیکشن کمیشن نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حالیہ انتخابات میں نومنتخب کارپوریٹرس کے ناموں پر مشتمل گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نومنتخب امیدواروں اور ان کی پارٹی کی تفصیلات کے ساتھ وارڈس کے تحفظات کی تفصیلات بھی نوٹیفکیشن میں شامل کی گئیں۔ اس طرح میئر و ڈپٹی میئر کے الیکشن کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ 10 فروری کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدہ کیلئے بالواسطہ الیکشن ہوگا۔ نومنتخب کارپوریٹرس کو حلف لینے گزٹ کی اجرائی ضروری ہے۔ موجودہ کارپوریشن کی میعاد 10 فروری کو ختم ہورہی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن توقعہ ہے کہ جنوری کے آخری ہفتہ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن کیلئے اعلامیہ اور شیڈول جاری کردے گا۔ لنگوجی گوڑہ وارڈ میں ضمنی انتخاب میئر کے الیکشن کے بعد ہوگا۔ اس حلقہ کے نومنتخب بی جے پی امیدوار اے رمیش گوڑ کا حلف برداری سے قبل دیہانت ہوگیا جس کے سبب یہ حلقہ مخلوعہ ہے جہاں ضمنی چناؤ ہوں گے۔ نومنتخب کارپوریٹرس پر مشتمل جنرل باڈی کا پہلا اجلاس 10 فروری کے بعد منعقد ہوگا جس میں نومنتخب ارکان کو حلف دلایا جائیگا۔ جس کے بعد کارپوریٹرس اور بااعتبار عہدہ ارکان اسی دن یا کسی اور دن میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق انتخابی عمل مکمل کیا جائیگا۔ اس مرتبہ میئر کا عہدہ خاتون کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی ایکٹ کے مطابق میئر الیکشن کے بعد ڈپٹی میئر کا الیکشن ہوگا۔ 150 رکنی بلدیہ میں ٹی آر ایس ارکان کی تعداد 56 ہے جبکہ بی جے پی 47 ، مجلس 44 اور کانگریس کے 2 ارکان ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بااعتبار عہدہ ارکان کے باوجود کسی بھی پارٹی کو بلدیہ میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہے جس کی بنیاد پر وہ میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر کامیابی حاصل کرسکے۔ بااعتبار عہدہ ارکان کے بشمول ٹی آر ایس کے پاس جملہ 85 ووٹ ہیں جبکہ مجلس 54 ، بی جے پی 49 اور کانگریس کے پاس 3 ووٹ ہیں۔ میئر کے الیکشن کیلئے ٹی آر ایس نے اپنی حکمت عملی طئے کرلی ہے۔ اگر ایوان میں 190 ارکان موجود رہیں تو میئر کے عہدہ پر کامیابی کیلئے 96 ارکان کی تائید ضروری ہوگی۔ اگر بی جے پی یا مجلس الیکشن کا بائیکاٹ کرے تو درکار تعداد گھٹ سکتی ہے جس سے ٹی آر ایس کی کامیابی کے امکانات روشن ہونگے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس نے مجلس کے ساتھ الیکشن کی حکمت عملی طئے کرلی ہے۔