۔10 فیصد کوٹہ کا سرکاری بھرتی میں یکم فبروری سے اطلاق

   

نئی دہلی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ ماہ سے شروعات کرتے ہوئے تمام سرکاری حکومتی جائیدادیں معاشی طور پر کمزور تر طبقات کے لئے حالیہ منظورہ 10 فیصد ریزرویشن کو ملحوظ رکھتے ہوئے پُر کئے جائیں گے، ایک سرکاری حکمنامے سے یہ بات معلوم ہوئی۔ وزارت پرسونل نے اپنے آرڈر میں کہاکہ اِس کوٹے پر عمل آوری کے لئے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی ہدایات علیحدہ طور پر جاری کئے جائیں گے۔ آرڈر کے مطابق یہ بیان کیا گیا کہ 10 فیصد ریزرویشن مرکزی حکومت کی جائیدادوں اور خدمات میں معاشی طور پر کمزور تر طبقات کے لئے فراہم کئے جائیں گے اور یکم فبروری 2019 ء کو یا اُس کے بعد خالی جائیدادوں پر تمام تر بھرتی کے معاملے میں یہ حکمنامہ قابل اطلاق رہے گا۔ دستوری (124 ویں ترمیمی) بِل 9 جنوری کو پارلیمنٹ نے منظور کیا جس کے ساتھ ہی عام زمرے کے غریبوں کے لئے نوکریوں اور تعلیم کے شعبہ میں 10 فیصد تحفظات کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگئی۔ وزارت سماجی انصاف اور بااختیاری کے مطابق جو افراد جن کا درج فہرست طبقات، درج فہرست قبائل اور سماجی و معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے تحت موجودہ ریزرویشن اسکیم میں احاطہ نہیں ہوتا اور جن کی فیملی کی مجموعی سالانہ آمدنی 8 لاکھ روپئے سے کم ہے، وہ 10 فیصد کوٹے کا فائدہ اُٹھانے کے اہل ہیں۔