نئی دہلی 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج مرکز سے ایک تازہ عرضی پر جواب طلب کیا ہے جس میں عام زمرے کے غریب امیدواروں کو نوکریوں اور داخلوں میں 10 فیصد ریزرویشن عطا کرنے کے اُس کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی والی بنچ نے یہ بھی واضح کیاکہ جنرل کٹیگری کے غریب امیدواروں کو کوٹہ عطا کرنے کے فیصلے پر حکم التواء جاری نہیں ہوگا۔ فاضل عدالت نے پہلے بھی مرکز کو اِسی نوعیت کی عرضیوں پر نوٹس جاری کئے تھے۔ آج عدالت نے تحسین پونا والا کی تازہ عرضی کو معرض التواء عرضیوں کے ساتھ ملادیا ہے۔ یہ عرضیاں مختلف فریقوں نے مرکز کے فیصلے کے جواز کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کئے ہیں جن میں جن ہتھ ابھیان اور این جی او یوتھ فار ایکوالیٹی شامل ہیں۔ جنرل کٹیگری کے غریبوں کے لئے 10 فیصد کوٹہ ریزرویشن کی مجموعی بالائی حد پچاس فیصد کے علاوہ ہے۔ اِس طرح کوٹہ کی بالائی حد 60 فیصد ہوگئی ہے جو فاضل عدالت کے مختلف فیصلوں کے مغائر ہے۔