ملک نے گنگا کے ساحل سے گجرات کے شمشانوں تک نعشیں دیکھی ہیں:کانگریس
نئی دہلی :ہندوستان میں کورونا ٹیکہ کاری کے اعداد 100 کروڑ کے پار ہونے پر جشن میں ڈوبی مودی حکومت کو کانگریس نے آئینہ دکھاتے ہوئے کئی اہم سوالوں کے جواب مانگے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا نے کہا کہ ملک ڈاکٹروں، نرسوں، اسپتالوں کا ہمیشہ شکرگزار رہے گا کہ انھوں نے جان پر کھیل کر 100 کروڑ ویکسین ڈوز لگایا، لیکن آج ایک بار پھر حکومت ذمہ داری سے ہٹ کر جشن منا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت یہ جان لے کہ جشن منانے سے زخم نہیں بھرتے۔ جوابدہی طے کرنے کا وقت آ گیا ہے۔رندیپ سرجے والا نے پوچھا کہ 74 کروڑ بالغ ہندوستانیوں کو 106 کروڑ اینٹی کورونا ٹیکہ کب تک لگے گا؟ انھوں نے کہا کہ ملک کی کل آبادی 139 کروڑ ہے، جس میں سے 103 کروڑ لوگ بالغ ہیں۔ حکومت کے مطابق 29 کروڑ لوگوں کو (تقریباً 21 فیصد) دونوں ٹیکے لگ چکے ہیں، جو 58 کروڑ ہوتے ہیں۔ اسی طرح باقی 42 کروڑ لوگوں کو ایک ٹیکہ لگا ہے۔ مطلب ملک کی 32 کروڑ بالغ آبادی کو ایک بھی کورونا ٹیکہ نہیں لگا اور 42 کروڑ لوگوں کو دوسرا ٹیکہ لگنا باقی ہے۔ اس کا مطلب کل 74 کروڑ بالغ باشندوں کو 31 دسمبر 2021 تک یعنی 70 دن میں 106 کروڑ ٹیکے لگنے باقی ہیں۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ کورونا بحران میں مجرمانہ لاپروائی اور ملکی باشندوں کی جان سے کھیلنے کے ظلم کی مودی حکومت ذمہ داری لے۔ انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں واحد مودی حکومت ایسی ہے، کہ جب ملکی باشندے کورونا سے متاثر ہو مجبور اور بے حال تھے، تو حکومت نے انھیں دھوکہ دے کر اپنے حال پر چھوڑ دیا۔ حکومت الیکشن میں مصروف رہی اور لوگ آکسیجن، ونٹلیٹر اور دوائیوں کے لیے ترستے رہے۔ ملک نے دیکھا کہ گنگا کی ساحل سے گجرات کے شمشانوں تک پورے ملک میں لاش ہی لاش دکھائی دے رہی تھیں۔