وزیراعظم /15 اگست کو خود انحصار ہندوستان کے نئے رہنمایانہ خطوط کا اعلان کریں گے
نئی دہلی : وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی /15 اگست کو لال قلعہ کی فصیل سے اپنے خطاب کے دوران ہندوستان کے خودمکتفی ہونے سے متعلق نئے رہنمایانہ خطوط کا اعلان کریں گے ۔ راجناتھ سنگھ نے آج ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت دفاع نے 101 فوجی ہتھیار اور پلیٹ فارمس کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے خودمکتفی ہونے کے وزیراعظم نریندر مودی کے ویژن کی مطابقت میں بڑے اور سخت فیصلے کئے جارہے ہیں ۔ وزیراعظم نے /12 مئی کو قوم سے اپنے خطاب میں سب سے پہلے آتما نربھر بھارت (خودمکتفی ہندوستان) کا اعلان کیا تھا اور کورونا وائرس کی وباء سے متاثرہ معیشت کے فروغ کیلئے بھاری پیاکیج کا اعلان کیا تھا ۔ اس کے بعد سے مختلف وزارتوں اور محکموں کی جانب سے اس سلسلے میں سلسلہ وار اقدامات کا اعلان کیا جارہا ہے ۔ مجاہد آزادی ادھم سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ آن لائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وباء نے یہ دکھا دیا ہے کہ کوئی بھی ملک خودانحصاری کے بغیر اپنی سالمیت کا موثر طور پر تحفظ کرنے کا اہل نہیں ہوسکتا ۔ ہماری حکومت ملک کے وقار اور سالمیت کو کسی بھی قیمت پر نقصان پہونچانے کی اجازت نہیں دے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے ہتھیار اب ملک میں تیار کئے جائیں گے اور ہندوستان میں دفاعی ہتھیار کی تیاری کا مرکز ہوگا ۔ دفاعی شعبہ میں ’’ میک ان انڈیا‘‘ کو فروغ دیتے ہوئے دیسی ساختہ اشیاء کو ترجیح دی جائے گی اور اس سلسلہ میں بڑے اور سخت فیصلے کئے جائیں گے ۔ دیسی دفاعی صنعت کو فروغ دینے کے ضمن میں راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ 101 ہتھیاروں اور ملٹری پلیٹ فارمس کی درآمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے جن میں ہلکے لڑاکا ہیلی کاپٹرس ، ٹرانسپورٹ ایرکرافٹ ، روایتی آبدوز اور کروز میزائیل شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت دفاع ڈیفنس مینوفیکچرنگ میں خود انحصاری کے خواب کو پورا کرنے کی سمت آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی دفاعی ضرور یات کیلئے بیرونی آلات پر انحصار کو کم کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی دیسی دفاعی صنعت کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ 5 سال میں ڈیفنس مینوفیکچرنگ میں وزارت دفاع نے 25 بلین (1.75 لاکھ کروڑ روپئے) کے کاروبار کا نشانہ رکھا ہے ۔ جاریہ مالی سال کے دوران دیسی دفاعی کمپنیوں سے 25 ہزار کروڑ مالیتی دفاعی آلات حاصل کئے جائیں گے ۔