۔11 سال سے ڈیوٹی سے غیر حاضر دو ٹیچرس برطرف

   

Ferty9 Clinic

ضلع گلبرگہ کے محب اردو و سماجی کارکن خواجہ فریدالدین انعامدار کی شکایت پر کارروائی

بیدر ۔ 11سال سے ڈیوٹی سے غیرحاضر دو ٹیچرس برطرف کردئے گئے ہیں۔ اب ان کی جگہ پر نئے ٹیچرس کی بھرتی ہوگی ۔تفصیلات کے بموجب جناب خواجہ فریدالدین انعامدار محب ِ اردو اور سماجی کارکن ، وظیفہ یاب محکمہ پولیس گلبرگہ نے تقریباً 13ماہ قبل 11ستمبر 2020کو ایڈیشنل کمشنر محکمہ تعلیمات ڈویژن گلبرگہ کو ایک تحریر ی شکایت پیش کی ۔ شکایت میں بتایاگیاتھاکہ گنڈگرتی کے گورنمنٹ اردو ہائیرپرائمری اسکول تعلقہ چیتاپور، ضلع گلبرگہ کی
TGT
ٹیچر 28-05-2010سے اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں۔اسی طرح گورنمنٹ اردوہائیر پرائمری اسکول چنچولی (ایچ) تعلقہ چیتاپور ضلع گلبرگہ کی ایک اور ٹیچر بھی 28-07-2010سے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں۔ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے کیونکہ ان کے ڈیوٹی پر نہ ہونے سے طلبہ وطالبات کو پڑھائی کے حصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں، ان کامضمون پڑھانے والا دوسرا کوئی ٹیچر نہیں ہے۔ جناب خواجہ فریدالدین انعامدار کی شکایت پر ایڈیشنل کمشنر محکمہ تعلیمات عامہ نے ڈپٹی ڈائرکٹرمحکمہ تعلیمات کو بتاریخ 29-09-2020 کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے لکھاکہ جلد سے جلد اس شکایت کی یکسوئی کی جائے۔ بعدازاں اس کی ایک کاپی کمشنر آفس اور سماجی کارکن خواجہ فریدالدین انعامدار کو دی جائے۔ ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہ تعلیمات عامہ گلبرگہ نے 22-10-2021 کومذکورہ ٹیچرس کوان کی ڈیوٹی سے برطرف کردیاہے۔ موصوف نے ڈپٹی ڈائرکٹراور ایڈیشنل کمشنر محکمہ تعلیمات عامہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے ان سے گذارش کی ہے کہ جلد سے جلد ان اسکولس پر دوسرے ٹیچرس کی فوری پوسٹنگ کرتے ہوئے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو روشن کرنے میں مدددی جائے۔ واضح رہے کہ خواجہ فریدالدین انعامدار کی کامیاب نمائندگی پر دوپوسٹ مخلوعہ ہوئے ہیں۔ ان کی جگہ پر دیگردو ٹیچرس کی بھرتی ہوگی جس کی بدولت اردو طلبہ وطالبات کی تعلیمی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ خواجہ فریدالدین کی اس کامیاب نمائندگی پر ان کے قریبی حلقوں میں مسرت کی لہردوڑ گئی ہے۔ ان کے دوستوں کاخیال ہے کہ خواجہ فریدالدین انعامدارایک پاؤں سے معذور ہونے کے باوجود اپنے سینے میں ملت کے لئے دلِ دردمند رکھتے ہیں۔