حیدرآباد ۔ 12۔جون (سیاست نیوز) کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو چیلنج کیا کہ کانگریس سے انحراف کرنے والے 12 ارکان اسمبلی سے استعفے دلاکر دوبارہ انتخابات میں حصہ لینے کی ہدایت دیں۔ پونم پربھاکر نے ٹوئیٹر پر دونوں قائدین کو چیلنج کیا اور کہا کہ ان میں اخلاقی جراء ت ہو تو اس چیلنج کو قبول کتنا چاہئے۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے 12 ارکان اسمبلی کا ٹی آر ایس میں انضمام غیر قانونی اور غیر دستوری ہے اور چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ ارکان اسمبلی سے استعفے حاصل کرتے ہوئے ضمنی انتخابات میں مقابلہ کی ہدایت دیں۔ دوبارہ مقابلہ کی صورت میں واضح ہوجائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ انحراف کے بارے میں عوام میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے اور ارکان اسمبلی کے خلاف عوام نے کھل کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
اے پی ایس آرٹی سی کی ہڑتال منسوخ
حیدرآباد، 12جون (یواین آئی)اے پی ایس آرٹی سی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے جمعرات سے شروع کی جانے والی ہڑتال کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔جے اے سی لیڈران نے آج وزیراعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی اور اس بات کا وعدہ حاصل کیاکہ اندرون تین ماہ مسائل کوحل کیاجائے گا۔جے اے سی کے لیڈر دامودر راؤ نے کہاکہ وہ حکومت کے فیصلے پر مطمئن ہیں۔
