۔12 اضلاع میں کلکٹریٹ کامپلکسوں کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل

   

چیف سکریٹری کی کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس، نئے میڈیکل کالجس کیلئے اراضی الاٹمنٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ 12 اضلاع میں اندرون ایک ہفتہ کلکٹریٹس کامپلکسوں کے تعمیری کام مکمل کرکے افتتاح کیلئے تیار رکھیں۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر سومیش کمار نے کلکٹرس اور عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی جس میں کلکٹریٹ کامپلکس کی تعمیر، اسپیشل فوڈ پراسیسنگ زون، نئے میڈیکل و نرسنگ کالجس کیلئے اراضی الاٹمنٹ اور دھرانی پورٹل کے اُمور کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ 12 اضلاع میں کامپلکسوں کا کام اندرون ایک ہفتہ مکمل کرلیا جائے جبکہ باقی اضلاع میں کاموں میں تیزی پیدا کی جائے۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ فوڈ پراسیسنگ زونس کیلئے اراضی کے الاٹمنٹ کا آغاز کریں۔ 7 اضلاع میں حکومت نے نئے میڈیکل کالجس کو منظوری دی ان کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ چیف سکریٹری نے دھرانی پورٹل پر میوٹیشن کی زیر التواء درخواستوں، ممنوعہ جائیدادوں اور اراضی سے متعلق شکایات کی یکسوئی کا جائزہ لیا اور کہا کہ 9 جون تک تمام مسائل و درخواستوں کی یکسوئی کی جائے تاکہ کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم کے فوائد میں سہولت ہو۔ انہوں نے اراضی سے متعلق اُمور کی خصوصی ٹریبیونل میں سماعت کی ہدایت دی۔ اسپیشل چیف سکریٹری سنیل شرما کے علاوہ جیش رنجن، وی شیشادری، رونالڈ راس، راہول بوجا، سرفراز احمد ، وینکٹیشور راؤ، نرسمہا ریڈی، ڈاکٹر رمیش ریڈی و دیگر نے حصہ لیا۔