۔12 منحرف ارکان کے ٹی آر ایس میں انضمام کے خلاف کانگریس کی آج بھوک ہڑتال

,

   

Ferty9 Clinic

اندرا پارک دھرنا چوک پر احتجاجی پروگرام ، ہائی کورٹ میں درخواست ، منگل کو سماعت : کنٹیا

حیدرآباد /7 جون ( سیاست نیوز ) کانگریس کے 12 ارکان اسمبلی کے ٹی آر ایس میں انضمام کے خلاف کل 8 جون کو اندرا پارک دھرنا چوک پر بھوک ہڑتال کا آغاز ہوگا ۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے 36 گھنٹے طویل بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ 11 بجے دن بھوک ہڑتال کا آغاز ہوگا جس میں کانگریس کے 6 ارکان اسمبلی کو پردیش کانگریس ، قائدین اور کارکنوں کی کثیرتعداد شرکت کرے گی ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر کے فیصلے کی مذمت کی اور کہا کہ جمہوریت اور دستور کے تحفظ کیلئے قانونی لڑائی کے ساتھ عوام سے رجوع ہوں گے ۔ کانگریس نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی ہے جس کی سماعت 11 جون کو ہوگی ۔ آر سی کنٹیا نے کہا کہ کے سی آر حکومت کادوسرا نام ڈکٹیٹر شپ ہوچکا ہے ۔ اسمبلی سے اپوزیشن کو ختم کرنے کی سازش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ٹی آر ایس کو واضح اکثریت کے باوجود کانگریس ارکان اسمبلی کو خریدا گیا تاکہ اپوزیشن کی آواز کو دبایا جائے ۔ کانگریس ارکان نے مختلف مراحل میں انحراف کیا ۔ ان کے خلاف گورنر اور اسپیکر سے نمائندگی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ کنٹیا نے کہا کہ بعض ارکان اسمبلی کو لالچ اور دوسروں کو دھمکی دے کر انحراف کیلئے مجبور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر میں اخلاقی جرات ہوتی تو وہ ارکان کے استعفی حاصل کرکے دوبارہ مقابلہ کرنے کی ہدایت دیتے ۔ اے آئی سی سی قائد نے چیلنج کیا کہ منحرف ارکان اسمبلی مستعفی ہوکر دوبارہ منتخب ہوکر دکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایل پی لیڈر کے عہدہ پر دلت قائد کے سی آر کو برداشت نہیں ہے ۔ آر سی کنٹیا نے کہا کہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والی مجلس اور وائی ایس آر کانگریس آج ٹی آر ایس کے دوست بن چکے ہیں ۔ جبکہ تلنگانہ تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی دشمن دکھائی دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر دھرنا چوک پر بھوک ہڑتال کی اجازت نہیں دی گئی اسپیکر کی قیام گاہ کے روبرو احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ پریس کانفرنس میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا ، محمد علی شبیر اور دوسرے موجود تھے ۔